پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات تاریخی بلندیوں کو چھوئیں گے: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ فائل فوٹو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستقبل میں تاریخی بلندیوں کو چھوئیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج برطانیہ کی سینڈ ہرسٹ رائل ملٹری اکیڈمی میں ہونے والے 213 ریگولر کمیشننگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کا معائنہ کیا۔

آرمی چیف نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے مختلف کیڈٹس سے گفتگو بھی کی اور ان کے جذبے کو بھی سراہا۔

بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانوی کیڈٹس کے علاوہ 41 غیر ملکی کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہو رہے ہیں، پاس آؤٹ ہونے والے تمام کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ’2 پاکستانی کیڈٹس بھی آج آپ کے ساتھ پاس آؤٹ ہوں گے اور میں کہنا چاہوں گا کہ مجھے آپ سب پر اتنا ہی فخر ہے جتنا مجھے ان دونوں پر ہے‘۔

انہوں نے اکیڈمی میں کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرنے پر کیڈٹس اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ یہاں دنیا کی بہترین افواج کا حصہ بنے ہیں جنہوں نے عظیم فوجی رہنما پیدا کیے‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات دوستی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان بہترین دفاعی تعلقات پائے جاتے ہیں۔

جنرل باجوہ نے کہا کہ آج اکیڈمی میں میری موجودگی پاکستان اور برطانیہ کے مشترکہ تعلقات کا ثبوت ہے، امید ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی بلندیوں کو چھوئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح دونوں مسلح افواج کے درمیان تعلق منفرد نوعیت کا ہے اور فوجی تربیت اور دیگر عسکری سرگرمیوں میں قریبی پیشہ ورانہ رابطے کے ذریعے برسوں سے اسے زندہ رکھا گیا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مخطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ سب پر بڑی ذمہ داریاں اور اہم توقعات وابستہ ہوں گی، ان کا کہنا تھا کہ عصر حاضر کے چیلنجر سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

تقریب میں یو کے کیڈٹس کے علاوہ 26 ممالک کے 41 بین الاقوامی کیٹڈس نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کے 2 کیڈٹس عبداللہ اور مجتبیٰ بھی پاس آؤٹ ہونے کیڈٹس میں شامل تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف رائل ملٹری اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے لیے برطانیہ پہنچے ہیں، دورے کے دوران وہ برطانوی عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

فوج کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے جنرل قمر جاوید باجوہ ہر سال باقاعدہ دورے پر آتے رہے ہیں تاہم کورونا وبا کی وجہ سے وہ گزشتہ 2 برسوں میں سینڈ ہرسٹ کا دورہ نہ کر سکے۔

خیال رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ رائل ملٹری اکیڈمی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی بلائے جانے والے پہلے آرمی چیف ہیں۔

رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ (آر ایم اے ایس) برطانیہ کی متعدد فوجی اکیڈمیوں میں سے ایک ہے اور یہ برطانوی فوج کے افسران کا ابتدائی تربیتی مرکز ہے۔

برطانوی فوج کے تمام افسران سمیت بیرون ملک مقیم دیگر مرد اور خواتین افسران اس اکیڈمی سے تربیت یافتہ ہیں۔

install suchtv android app on google app store