13 اگست کو اس فسطائیت سے نمٹنے کے منصوبے کا اعلان کروں گا: عمران خان

عمران خان فائل فوٹو عمران خان

تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 13 اگست کو میں اپنے حقیقی آزادی جلسے میں اس فسطائیت سے نمٹنے کے منصوبے کا اعلان کروں گا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کہنا تھاکہ یہ جانتے ہوئے کہ ہمارے نبی پاک ﷺ کے نواسے راہِ حق پر تھے، کوفہ کے لوگ یزید کے خوف سے ان کی مدد کو نہ نکلے اور اسلام کے عظیم ترین المیے کو وقوع پذیر ہونے دیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجرموں کے گروہ جسے تبدیلی حکومت کی امریکی سازش کے ذریعے حکومت میں لایا گیا اور ان کے سرپرستوں کے اقتدار کی شکل میں پاکستان آج فسطائیت کے نرغے میں ہے، کیا ہمارے لوگ بھی خوف میں مبتلا ہوکر اس سازش کے سامنے سرجھکائیں گے، یا ہم بحثیت ایک قوم اس کڑے امتحان کا سامنا کریں گے؟۔

عمران خان نے مزید لکھا کہ 13 اگست کو میں اپنے حقیقی آزادی جلسے میں اس فسطائیت سے نمٹنے کے منصوبے کا اعلان کروں گا۔

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک اور ٹویٹ میں پاکستان کی سب سے بڑی چوٹی “کےٹو” پہاڑ کی چوٹی کے فضائی مناظر اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر شیئر کر دیئے۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کے اندر اور باہر کتنے لوگوں کو یہ احساس ہے کہ ہم دنیا کی ایک متنوع ترین دھرتی پر رہتے ہیں جو 12 موسمیاتی زونز کی حامل ہے۔

install suchtv android app on google app store