اب تک 38 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے، ترجمان مذہبی امور

 پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے فائل فوٹو پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے

پاکستان سے براہ راست مدینہ منورہ پہنچنے والے تمام عازمین حج کو مکہ مکرمہ پہنچانے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت 11400 سے زائد عازمینِ حج جدہ ایئرپورٹ کے ذریعے مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نجی حج سکیم کے تحت بھی 8 ہزار سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئےجبکہ شعبہ مانیٹرنگ نے 802 نجی حج کمپنیوں میں سے 22 کی مانیٹرنگ مکمل کر لی ہے۔

ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں عازمینِ حج کی رہنمائی کیلئے فری حج ہیلپ لائن 8002450044 قائم کر دی گئی ہے۔ 376 افراد پر مشتمل طبی عملہ، معاونین اور مذہبی امور کے اہلکار مکہ /مدینہ /جدہ میں انتظامی امور میں مصروف شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھول کر حج مشن آنے والے 133 عازمین حج کو انکی رہائش گاہوں تک پہنچایا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے حج کیلئے حجاز مقدس پہنچنے والے لاکھوں فرزندان اسلام نے مسجد الحرام میں نماز جمعہ کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر پاکستان حج مشن کی جانب سے اپنے حاجیوں کی بروقت مسجد الحرام تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔

ڈائریکٹر حج ابراراحمد مرزا، انچارج ایف اینڈ ڈی مشاہد حسین اور دیگرحکام نے براہ راست اس عمل کی مانیٹرنگ کی۔ اس سلسلے میں عازمین حج کی رہائش گاہوں سے بیت اللہ شریف کی روانگی کا عمل صبح دس بجے سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ پاکستان حاجیوں کو مسجد الحرام میں داخلے کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مسجد الحرام کے تمام داخلی راستوں اور دروازوں کے باہر معاونین حجاج اور حج سیزنل اسٹاف کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئیں تاکہ عازمین کی بہتر رہنمائی کی جاسکے۔ اپنے خطبے میں امام کعبہ نے تمام اہل ایمان اور عالم اسلام کیلئے اللہ اور اس کے رسول کے احکامات کی پابندی اور تقوی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ عہد حاضر کے مسائل کا حل انہی احکامات میں مضمر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے تمام مسلمان ممالک ایک دوسرے سے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں اسی سے ہمارے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ادھر حرم گائڈز نے حرم شریف کے باہر 26 ہزار سے زائد عازمین حج کی درست راستے کی طرف رہنمائی کی۔ ذاتی سامان گم ہونے کی 438 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 400 اشیاء تلاش کر کے عازمین کے حوالے کی گئیں۔

عازمینِ حج کی صحت کی حفاظت کیلئے ماہر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی زیر نگرانی دو ہسپتال اور 6 ڈسپنسریاں مصروف عمل ہیں ۔ مرکزی کنٹرول آفس مکہ کے شعبہ سہولت و تعاون کی زیر نگرانی تمام شعبہ جات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے.

install suchtv android app on google app store