یوم پاکستان؛ گورنرخیبرپختونخوا نے 8 شخصیات کو صدارتی سول اعزازات سے نوازا

خیبرپختونخوا فاہل فوٹو خیبرپختونخوا

گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کی جانب سے یوم پاکستان پر صوبے کی 8 شخصیات کو اپنے متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات سرانجام دینے پر صدارتی سول اعزازت سے نوازا گیا

گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں یوم پاکستان 23 مارچ پر منعقدہ ایک پر وقار تقریب میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹرعارف علوی کی جانب سے صوبے کی 8 شخصیات کو اپنے متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات سرانجام دینے پر صدارتی سول اعزازت سے نوازا۔

گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے سید ممتاز علی شاہ کو شعبہ فن و ڈرامہ اور اداکاری، شوکت محمود کو موسیقی و گلوکاری اورمحترمہ قمرو جان کو فن اور لوک گلوکاری کے شعبہ میں غیرمعمولی خدمات پرصدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔

گورنرشاہ فرمان نے طاہر آفریدی(مرحوم) کو ادب کے شعبہ میں غیر معمولی خدمات پر صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی(بعد از وفات) سے نوازا۔ ان کا ایوارڈ ان کے بھانجے محمد عمر خان نے وصول کیا۔

شہزادہ سکندر الملک کو شعبہ پولو اور کھیل میں غیر معمولی خدمات پر صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، پروفیسر ڈاکٹرعثمان حسن کو شعبہ تعلیم و انجینئرنگ، لعل محمد اعوان کو فن و اداکاری اوراعجاز سرحدی کو فن، سازندہ سازی کے شعبہ میں غیرمعمولی کارکردگی پر صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

اس موقع پرگورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے صدارتی سول اعزازات حاصل کرنے والی شخصیات کو مبارکبادپیش کی۔ تقریب میں ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی محمودجان، مختلف محکموں کے انتظامی سربراہان سمیت صدارتی اعزازات حاصل کرنے والوں کے عزیز واقارب نے شرکت کی۔

 

install suchtv android app on google app store