اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت پر وزیر اعظم کا نوٹس، تین سینئر افسران کے خلاف کارروائی

وزیر اعظم عمران خان فائل فوٹو وزیر اعظم عمران خان

اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت پر سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے 3 سینئر افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں بدنظمی کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کے نوٹس پر شروع کی گئی تحقیقات مکمل ہو گئیں، رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی گئی، جس میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ انکوائری رپورٹ وزیر اعظم انسپیکشن کمیٹی کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کا بھی جائزہ لیا، اور سفارت خانے کے 3 سینئر افسران مجرمانہ غفلت کے مرتکب پائے گئے۔

انکوائری رپورٹ میں جن تین افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ان میں سابق سفیر راجہ اعجاز علی، ڈپٹی ہیڈ آف مشن راجہ ذیشان، اور قونصلر سیکرٹیریٹ گروپ محمد اورنگزیب شامل ہیں۔

وفاقی کابینہ نے کارروائی کی منظوری دے دی، 2 عہدے داران کو فوری وطن واپس پہنچنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اس تحقیقاتی رپورٹ میں سعودی عرب میں قائم سفارت خانے کی سروسز بہتر بنانے سے متعلق 11 تجاویز بھی دی گئی ہیں۔

install suchtv android app on google app store