حکومت بلوچستان کے محکمۂ زراعت کے ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن، سید عارف شاہ نے بتایا کہ ٹڈی دل کا تیسری نسل بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے صوبے میں داخل ہوئی جو کہ مختلف علاقوں کو متاثر کرتی ہوئی لورالائی اور موسیٰ خیل پہنچی جہاں سے اتوار کو حملے کی اطلاعات آئیں۔
سیدعارف شاہ کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بلوچستان کے تین کے سوا باقی تمام اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہوئے ہیں جس کے باعث کاشتکاروں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے،اس وقت جو فصلیں ٹڈی دل کے حملوں کی زد میں ہیں ان میں گندم اور سرسوں شامل ہیں۔
کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ اگر ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے تو گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے سے ایک مرتبہ پھر ملک میں گندم کا بحران سنگین ہوسکتا ہے۔
سید عارف شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان سے اس کے غول خیبر پختونخوا اور پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کی جانب بھی رخ کر گئے ہیں جن کے بارے میں وہاں کے متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
محکمۂ زراعت کہنا تھا کہ ٹڈی دل کے حوالے سے ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد اب اس معاملے پر پوری توجہ دی جا رہی ہے جس سے حالات بہتری کی جانب جائیں گے۔
سید عارف شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان سے اس کے غول خیبر پختونخوا اور پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کی جانب بھی رخ کر گئے ہیں جن کے بارے میں وہاں کے متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
چونکہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے اس لیے یہاں ٹڈی دل سے پہنچنے والے نقصان کو کم رکھنے کے لیے فضائی اسپرے ہونا چائیے تھا لیکن تاحال فضائی سپرے نہیں ہوا ہے۔
سرکاری حکام کی جانب سے گزشتہ سال فضائی اسپرے نہ ہونے کی ایک وجہ امن عامہ کی صورتحال کو قرار دیا گیا تاہم فضائی اسپرے اب بھی شاید ان علاقوں میں ممکن نہ ہو جہاں صورت حال خراب نہیں کیونکہ حکام کے مطابق سپرے کرنے والے دو جہازوں میں سے ایک کے کچھ عرصہ قبل گر کر تباہ ہونے کے بعد صرف ایک جہاز باقی رہ گیا ہے۔
فصلوں کی پیداوار پر نظر رکھنے والے ادارے ’کراپس رپورٹنگ سروسز کے تخمینوں کے مطابق مجموعی طور پر کاشتکاروں کو ٹڈی دل کے حملے سے اب تک 4 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔