کوئٹہ میں ایف سی مدد گار سینٹر پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، 5 حملہ آور ہلاک

کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر دہشت گردوں کا حملہ فائل فوٹو کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر دہشت گردوں کا حملہ

سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے علاقے چمن ہاوسنگ اسکیم کے قریب فرنٹیئر کور (ایف سی) مدد گار سینٹر پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے پانچوں حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں نے کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر حملے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بارود اور اسلحہ سے بھری گاڑی میں سوار 5 خود کش بمباروں نے ایف سی سینٹر پر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی کے چاک و چوبند اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں داخل ہونے سے روک دیا۔

پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فورسز کی بروقت کارروائی میں تمام حملہ آور مارے گئے اور حملہ آور بظاہر افغان تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی یہ ناکام کارروائی گزشتہ روز کلی الماس کے علاقے میں اہم دہشت گردوں کی ہلاکت کا ردعمل تھا۔

پاک فوج کے مطابق ایف سی مددگار سینٹر پر اب صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 4 جوان زخمی بھی ہوئے۔

قبل ازیں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ چمن ہاؤسنگ اسکیم کے قریب ایف سی مددگار سینٹر سے تین دھماکوں کی آواز آئی جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔

پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا جبکہ کچھ دیر بعد پاک فوج کے دستے بھی چمن ہاؤسنگ اسکیم پہنچ گئے تھے۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بھی واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی مدد گار سینٹر پہنچ گئے تھے۔

وزیر داخلہ بلوچستان نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ دہشت گردوں نے ایف سی کے مدد گار سینٹر پر حملہ کیا۔

وزیرداخلہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم دہشت گردوں کا آخری دم تک مقابلہ کریں گے، ہمارے اہلکار آج دہشتگردوں کے خلاف شیروں کی طرح لڑے۔

کوئٹہ حملے کے بعد پنجاب میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

کوئٹہ حملے کے بعدآئی جی پنجاب عارف نواز نے صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کردی۔

آئی جی پنجاب نے حکم دیا کہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں سیکیورٹی سخت کی جائے، سینیئر افسران خود مساجد، امام بارگاہوں اور حساس تنصیبات کی سیکیورٹی چیک کریں۔

آئی جی پنجاب نے حکم دیا کہ شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کی جائے، عوام کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیےجائیں۔

خیال رہے کہ آج صبح نوشہرہ میں کچہری چوک کے قریب بھی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ کیا گیا تھا جس میں 14 افراد زخمی ہوئے۔

ڈی پی او نوشہرہ ندیم بخاری کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا جو موٹر سائیکل پر سوار تھا۔

گزشتہ روز آپریشن ردالفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کلی الماس میں آپریشن کیا جس کے نتیجے میں لشکر جھنگوی کے صوبائی سربراہ سمیت تین دہشت گرد ہلاک جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں کرنل سہیل عابد شہید ہوگئے تھے۔

آپریشن کے دوران لشکر جھنگوی بلوچستان کا سربراہ سلمان بدینی ہلاک ہوگیا دو خودکش بمبار بھی آپریشن میں مارے گئے تھے۔

install suchtv android app on google app store