بلوچستان میں ڈاکٹروں کی تنخواہ روک لی گئی

حکومت بلوچستان نے ہڑتال کرنے والے اسی ڈاکٹروں کو معطل کر کے ان کی تنخواہیں روک دیں۔

سیکریٹری صحت بلوچستان عصمت اللہ کاکڑ نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا کہ این او سی کے بغیر پرائیوٹ ہسپتالوں میں کام کرنے والے ان ڈاکٹروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی جو سرکاری ہسپتالوں میں ڈیوٹی سے غیر حاضر ہیں جبکہ پرائیوٹ ہسپتال میں باقاعدہ بیٹھتے ہیں۔ ایف آئی آر میں نامزد تمام ڈاکٹروں کے بیرونی دوروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔جبکہ ہڑتال میں شریک پروفیسرز اور کنسلٹنٹ کی ڈگریوں کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معطل کئے جانے والے ڈاکٹروں کی جگہ پر نئے ڈاکٹروں کی بھرتی محرم کے بعد شروع کر دی جائے گی۔ گزشتہ دنوں احتجاج کے دوران ریڈزون عبور کرنے ، پولیس پر تشدد اور کار سرکار میں مداخلت پر ستر سے زائد ڈاکٹروں کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ جنہیں بعد ازاں عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔ دوسری جانب ڈاکٹروں نے نویں اور دسویں محرم الحرام کے دوران بھی ایمر جنسی سروس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

install suchtv android app on google app store