بلوچستان کے خصوصی تعاون سے کیرج فیکٹری میں جناح پیپلز ٹرین کی کوچز 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تیار کر لی گئیں، ٹرین جلد سریاب سے کچلاک تک اپنا آپریشن شروع کرے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت اور زیرِ نگرانی جناح پیپلز ٹرین کا ریک کیرج فیکٹری سے شاندار انداز میں روانہ کیا گیا، کیرج فیکٹری کے محنت کشوں نے اپنی محنت سے تیار کی گئی ٹرین کو خوشی اور فخر کے ساتھ الوداع کیا۔
جناح پیپلز ٹرین کی بحالی حکومت بلوچستان کے خصوصی تعاون اور پاکستان ریلوے کی کاوشوں کا عملی ثبوت ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور حکومت بلوچستان کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔
ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار صوبوں کے اشتراک سے عوامی فلاح کے منصوبوں کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔ پاکستان ریلوے کسی ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ادارہ ہے، جو ملک کے ہر حصے کو جوڑنے والی مضبوط زنجیر ہے۔
سریاب، کچلاک، شیخ ماندا، بلیلی، جی او آر ہالٹ اور کوئٹہ سمیت اسٹیشنز پر سہولیات کی بہتری اور اَپ گریڈیشن کا کام کیا گیا۔ جناح پیپلز ٹرین سے بلوچستان کے عوام بالخصوص طلبہ، خواتین، بچوں، مزدوروں اور عام شہریوں کو سستی، محفوظ اور بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔
جناح پیپلز ٹرین بلوچستان کے عوام کے لیے سفری سہولت کی فراہمی اور صوبے کو ریلوے نیٹ ورک سے مزید مضبوطی سے جوڑنے کی اہم کاوش ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے مطابق صوبوں کے تعاون سے ریلوے کے ذریعے عوامی خدمت اور قومی رابطے کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
کیرج فیکٹری سے جناح پیپلز ٹرین کی روانگی، محنت کشوں کے چہروں پر اپنی محنت کی کامیابی کی خوشی نمایاں رہی۔