بلوچستان کے علاقے قلات میں کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ دو کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں مسافر کوچ میں سوار تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے جن میں سے 7 کی تصدیق ہوگئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا۔
اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب بلوچستان حکومت نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے واقعے کو ممکنہ دہشت گردی قرار دیا ہے تاہم اس حوالے سے ابھی تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ پر فائرنگ ہوئی، جس کے بعد سیکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 10 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے جبکہ وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
صدر، وزیراعظم، وزیر داخلہ کی واقعے پر مذمت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قلات میں مسافر بس پر بزدلانہ دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بے گناہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور قابل مذمت فعل ہے، دہشتگرد امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، یہ انسانیت اور امن کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کریں گے اور ریاست دہشتگردی کے خلاف پوری قوت سے کارروائی جاری رکھے گی۔
صدر مملکت نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلات میں کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات کے قریب مسافر بس پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ و حملے کی مذمت اور واقعے میں 3 مسافروں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور زخمی مسافروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا بے گناہ اور معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا کر امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بربریت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی وحشیانہ عمل ہے، یہ دہشتگرد پاک سرزمین کے لیے ناسورہیں جن کا خاتمہ بہت ضروری ہوگیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور جاں بحق افراد کی مغفرت و لواحقین کے صبر کیلیے دعا کی۔