پیپلزپارٹی کے جیالے حملوں سے گھبرانے والے نہیں: بلاول

بلاول بھٹو زرداری فائل فوٹو بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ہی عوام کے تمام مسائل کو حل کرے گی، پیپلزپارٹی کے جیالے حملوں سے گھبرانے والے نہیں۔ کسی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، 8 فروری کو ووٹ کی طاقت سے جواب دیں گے۔

خضدار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام جانتے ہیں صرف پیپلزپارٹی ان کے مسائل حل کر سکتی ہے، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جوعوام کے مسائل کو سمجھتی ہے، میرے بلوچ بہن بھائی دکھ اور تکلیف سے گزر رہےہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم شہیدوں کے وارث ہیں، کسی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، 8 فروری کو ووٹ کی طاقت سے جواب دیں گے، 8 فروری کو بلوچستان میں تیروں کی بارش ہوگی۔ خواتین کی خدمت اس طرح کروں گا جیسے بیٹا ماں کی خدمت کرتا ہے، بلوچستان کے عوام سے رشتہ الیکشن کی وجہ سے نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاق کی 17 وزارتیں ختم کر کے 300 ارب روپے عوام پر خرچ کروں گا، ایک ہزار ارب روپے کی اشرافیہ کو سبسڈی دی جاتی ہے۔  وعدہ کرتا ہوں، ملازمین کی تنخواہ دگنی کروں گا، غریب عوام کے لیے 30 لاکھ گھر بنائے جائیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی انتخابات میں کامیابی حاصل کرےگی، ایک شخص کہتا ہے 2013 میں لوڈشیڈنگ ختم کی، لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے پر ہنسی آتی ہے، لوڈشیڈنگ صرف رائے ونڈ میں ختم ہوئی، ملک میں تو آج بھی اندھیرا ہے۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ میرے سوائے کوئی وفاقی سیاست دان ایسا نہیں جو بلوچستان کے دکھ درد کو سمجھتا ہو، عوام جانتے ہیں لاپتا افراد کا مسئلہ اگر کوئی حل کرسکتا ہے تو وہ میں ہوں، عوام جانتے ہیں کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو جھکتی نہیں ہے، ہم تمام قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں مگر عوام کے حقوق پر سودا نہیں کرسکتے۔

انہوں ںے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ پی پی وہ واحد جماعت ہے جو بلوچستان کو اس کا حق دلاسکتی ہے، آصف زرداری کی بطور صدر اٹھارہویں ترمیم پر مکمل عمل درآمد ہوتا، این ایف سی پر مکمل ہوتا تو آج بلوچستان میں سازشیں دم توڑ چکی ہوتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ یہ تو بچہ ہے خوف زدہ ہوکر پیچھے ہٹ جائے گا یہ ان کی بھول ہے، سازشی ٹولے نے اور دہشت گردوں نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر کتنے حملے کیے، مستونگ، تربت، بولان اور خضدار میں حملے ہوئے ان کا خیال تھا جیالے گھبرا جائیں گے مگر ایسا نہیں ہوا، پی پی شہیدوں کی، غیرت مندوں کی جماعت ہے جو کسی دہشت گرد کے سامنے جھک نہیں سکتی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ آٹھ فروری کو بلوچستان بھر میں تیروں کی بارش ہوگی، اگر میں پارلیمان میں پہنچ گیا تو عوام کو معلوم ہے کہ میں ان کی آواز بن کر اٹھوں گا، اگر میں وزیر خارجہ بنا تو دنیا بھر میں بلوچستان کی نمائندگی کروں گا۔

انہوں ںے کہا کہ جس طرح میں سندھ میں تیس لاکھ گھر بناکر مستحق افراد کو دے رہا ہوں اسی طرح بلوچستان میں بھی تیس لاکھ گھر بناکر مالکانہ حقوق پر لوگوں کو دوں گا۔

install suchtv android app on google app store