بلوچستان کے علاقے مہاجر کیمپ سرخاب پشین میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کامیاب آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 4 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کا ہلاک کردیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلاک ہوئے والے دہشتگردوں میں کالعدم ٹی ٹی پی کے بدنام زمانہ شارپ شوٹر شکر دین عرف عمر خالد بھی شامل ہے۔ دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے علاوہ دہشت گردی کی مختلف سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق واقعہ کا تھانہ سی ٹی ڈی کوئٹہ میں مقدمہ درج کرکے اس نیٹ ورک کے باقی ارکان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، سی ٹی ڈی کا بلوچستان کے دیگر علاقوں میں مزید چھاپوں کا منصوبہ ہے۔
