تن من اور روح کی ورزش، دل کو رکھے جوان

یوگا کے بےشمار فوائد ہیں فائل فوٹو یوگا کے بےشمار فوائد ہیں

یوگا زندگی کا حصہ بنا کے دیکھئے یہ جسمانی اور سانس کی ورزش ہے جو ذہن اور بدن میں آکسیجن پیدا کرتی ہےاور یہ تن من اور روح کی ورزش ہے۔

یوگا سے صحت کو ملنے کے بھی متعدد فوائد ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ مادی اور روحانی زندگی میں تمام کامیابیوں کی بنیادی شرط صحت ہے اور اچھی صحت کے لئے متوازن غذا کے ساتھ ساتھ جسمانی ورزش نہایت ضروری ہے عام جسمانی ورزشیں جسم کے سطحی یا بیرونی پٹھوں کو مضبوط بناتی ہیں لیکن یوگا ان تمام داخلی اعضاء اور عضلات کی بھر پور کسرت زیر عمل لاتا ہے جو صحت بر قرار رکھنے کے ساتھ ساتھ نظام ہاضمہ، نشوونما اور جسم کے مختلف خلیوں اور بافتوں کی درستگی میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔

ایک حالیہ سائنسی تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ دل کی دھڑکن کی رفتار کو معمول پر رکھنے میں یوگا اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے افرا د جنہیں اپنی دھڑکن معمول پر رکھنے کے لیے ادویات کا سہارا لینا پڑتا ہے، وہ یوگا کے استعمال سے دواؤں سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔

ایک تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوگا دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔ کھانا کھانے، ورزش کرنے یا لڑنے یا بعض جذباتی کیفیتوں میں دل کی دھڑکن پر اثر پڑتا ہے۔ ماہرین نے یہ جاننے کے لیے کہ آیا یوگا دل کی دھڑکن کی رفتار بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے، رضاکاروں کے دو گروپوں پر تجربات کیے۔

ان کا کہناہے کہ تحقیق سے یہ ظاہر ہواہے کہ یوگا میں شامل سانس لینے کی ورزشوں، بازو پھیلانے ، جسم کو کچھ دیر کے لیے مخصوص حالتوں میں رکھنے ، سستانے اور مراقبے کے عمل سے مجموعی طور پر دھڑکن کو اعتدال میں رکھنے اور دل کی صحت بہتر بنانے میں مدد ملی۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدگی سے یوگا کرنے والوں کے دل کی دھڑکن اور صحت یوگا نہ کرنے والوں سے بہتر ہوتی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store