ہر دوا کی اصلیت، قیمت اور دستیابی کی تصدیق ممکن، وزیراعظم نے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپ لانچ کر دی

وزیراعظم شہباز شریف فائل فوٹو وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام اور ادویات کی ٹریکنگ کے لیے وزارتِ قومی صحت کی تیار کردہ ’’محفوظ دوا‘‘ موبائل ایپلی کیشن کا باقاعدہ اجرا کردیا۔ شہباز شریف نے ماضی میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پیش آنے والے ادویات کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دل کے مریضوں کو دی جانے والی ادویات کے نمونے یورپ کی تین لیبارٹریوں میں بھجوائے گئے تھے، جہاں تصدیق ہوئی کہ مریضوں کو دی جانے والی ادویات دل کے امراض کی نہیں بلکہ ملیریا کے علاج کی تھیں۔

اسلام آباد میں ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ محفوظ دوا ایپ پاکستان میں طبی سہولتوں کے فروغ اور عوام کو جعلی ادویات سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے ایک شاندار اقدام ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس ایپ کے ذریعے شہری ادویات کی اصلیت، سرکاری قیمت اور مارکیٹ میں دستیابی کی تصدیق کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جعلی ادویات کی تصدیق کے حوالے سے سنگین غفلت سامنے آچکی ہے، ایسے واقعات سے سبق سیکھ کر عوام کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

شہباز شریف نے ماضی میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پیش آنے والے ادویات کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دل کے مریضوں کو دی جانے والی ادویات کے نمونے یورپ کی تین لیبارٹریوں میں بھجوائے گئے تھے، جہاں تصدیق ہوئی کہ مریضوں کو دی جانے والی ادویات دل کے امراض کی نہیں بلکہ ملیریا کے علاج کی تھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ محفوظ دوا ایپ کی تیاری ایک اہم پیش رفت ہے، تاہم ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید کے مطابق ہونی چاہئیں کیونکہ پاکستان میں لاکھوں خاندانوں کے لیے ادویات کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) کے حکام کو منصوبے کی تیاری پر مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وزارتِ اطلاعات اور وزارتِ آئی ٹی کے تعاون سے ایپلی کیشن کے بارے میں عوامی آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ اس کے فوائد ہر گھر تک پہنچ سکیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم کی سہولیات ہر شہری کو یکساں طور پر میسر ہونی چاہئیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر عوام کو سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔

محفوظ دوا ایپ کیسے کام کرے گی؟

تقریب میں ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر عبیداللہ نے ایپلی کیشن کی خصوصیات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہری دوا کے پیکٹ پر موجود بارکوڈ یا بیچ نمبر اسکین کرکے اس کی اصلیت کی تصدیق کرسکیں گے۔

ان کے مطابق اصلی دوا کی تصدیق ہونے پر موبائل اسکرین پر سبز جبکہ جعلی دوا کی صورت میں سرخ رنگ ظاہر ہوگا۔ ایپ کے ذریعے ادویات کی عدم دستیابی اور مشکوک یا جعلی ادویات کے حوالے سے شکایات بھی درج کرائی جاسکیں گی۔

ڈریپ حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت تقریباً 92 ہزار ادویات کا ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے، جس سے ادویات کی نگرانی اور صارفین کو مستند معلومات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بھی اس منصوبے کو عوامی تحفظ اور جعلی ادویات کی روک تھام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

install suchtv android app on google app store