پنجاب میں محکمۂ صحت نے کھانسی کے شربت کے ایک مخصوص بیچ کو ملاوٹ شدہ قرار دیتے ہوئے فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول پنجاب کے مطابق Acefyl کف سیرپ کے بیچ نمبر ACH479 کے خلاف کلاس-I میڈیسن ریکال جاری کی گئی ہے۔
لیبارٹری ٹیسٹ میں کیا سامنے آیا؟
حکام کے مطابق سرکاری لیبارٹری کی ٹیسٹنگ رپورٹ میں اس بیچ کو ڈرگز ایکٹ 1976 کے تحت ملاوٹ شدہ (Adulterated) قرار دیا گیا ہے۔
یہ شربت نبی قاسم انڈسٹریز نے تیار کیا ہے اور اس کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ ستمبر 2028 بتائی گئی ہے۔
فارمیسیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایات
ڈرگز کنٹرول حکام نے تمام:
-
فارمیسیوں
-
ڈسٹری بیوٹرز
-
طبی مراکز
کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مذکورہ بیچ کی فروخت اور سپلائی فوری طور پر بند کریں اور موجود اسٹاک واپس کر دیں۔
عوام کے لیے اہم ہدایت
محکمۂ صحت نے شہریوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے پاس Acefyl کف سیرپ موجود ہو تو وہ فوراً بیچ نمبر چیک کریں۔
اگر بوتل پر ACH479 درج ہو تو اس کا استعمال فوری طور پر بند کر دیا جائے۔
کسی بھی ردعمل کی صورت میں اطلاع دیں
حکام کے مطابق اگر اس دوا کے استعمال کے بعد کسی کو منفی ردعمل یا طبی پیچیدگی کا سامنا ہو تو فوراً پروونشل فارماکو ویجیلنس سینٹر کو اطلاع دی جائے۔
ڈرگز کنٹرول حکام کا کہنا ہے کہ مریضوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور شہری کسی بھی دوا کے استعمال سے پہلے اس کا بیچ نمبر اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ ضرور چیک کریں۔