کیا آپ ناخن گوشت میں گھسنے سے پریشان ہیں؟ تو یہ طریقے آزمائیں

اکثر ایسا ہوتا ہے کہ پاؤں کی انگلیوں کے ناخنوں کے سرے یا کونے جِلد کے اندر گھس کر بڑھنے لگتے ہیں۔ فائل فوٹو اکثر ایسا ہوتا ہے کہ پاؤں کی انگلیوں کے ناخنوں کے سرے یا کونے جِلد کے اندر گھس کر بڑھنے لگتے ہیں۔

اکثر ایسا ہوتا ہے کہ پاؤں کی انگلیوں کے ناخنوں کے سرے یا کونے جِلد کے اندر گھس کر بڑھنے لگتے ہیں۔ گوشت کے اندر ناخن بڑھنے یا دھنس جانے کا مسئلہ کافی عام ہوتا ہے اور عموماً انگوٹھے میں اس کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

یہ کافی تکلیف دہ مسئلہ ہوتا ہے جس کا علاج گھر میں بھی ممکن ہے، تاہم اسے نظر انداز کر دیا جائے تو مختلف پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھتا ہے، خاص طور پر ذیابیطس کے مریضوں میں پیچیدگیوں کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

لوگوں کو اس تکلیف کا سامنا ہوتا کیوں ہے؟

ہر عمر کے مردوں اور خواتین کو اس مسئلے کا سامنا ہو سکتا ہے، تاہم ایسے افراد میں یہ زیادہ عام ہوتا ہے جن کے پیروں میں پسینہ زیادہ آتا ہے جیسے نوجوان۔

معمر افراد میں بھی اس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے کیونکہ عمر بڑھنے کے ساتھ پاؤں کے ناخن موٹے ہو جاتے ہیں۔

اس کی چند عام وجوہات درج ذیل ہیں۔

ناخن کے کونے غلط طریقے سے کاٹنے سے ناخن گوشت میں دھنس جاتا ہے۔

تنگ جوتے پہننے سے بھی یہ خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

پاؤں کی انگلیوں پر چوٹ لگنے جیسے کسی پتھر سے ٹکرانے یا بال کو بار بار کک مارنے سے ہونے والی انجری سے یہ خطرہ بڑھتا ہے۔

چلتے ہوئے پیروں کو درست پوزیشن پر نہ رکھنا یعنی پنجوں کے بل چلنے سے بھی ایسا ہو سکتا ہے۔

پیروں کی صفائی کا خیال نہ رکھنے سے بھی ناخن گوشت میں دھنسنے لگتا ہے۔

کچھ کھیلوں جیسے فٹبال اور رقص سے بھی ناخن گوشت میں دھنسنے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

علامات کیا ہوتی ہیں؟

ناخن کا گوشت میں دھنسنا بہت تکلیف دہ ہوتا ہے اور بتدریج اس کی شدت بدترین ہوتی ہے۔

ابتدائی مرحلے میں ناخن اردگرد موجود جِلد سوج جاتی ہے یا سخت ہو جاتی ہے جبکہ متاثرہ انگلی پر دباؤ ڈالنے سے تکلیف ہوتی ہے اور اس کے اردگرد سیال جمع ہونے لگتا ہے۔

اگر ناخن گوشت میں دھنسنے سے انفیکشن ہو جائے تو تکیف،پیپ اور سوجن جیسی علامات سامنے آتی ہیں۔

تاہم اگر اس کا سامنا ہو تو یہ گھریلو ٹوٹکے آرام پہنچانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

پودینے کا تیل

پہلے اپنے پیروں کو کچھ دیر کے لیے پانی میں بھگو دیں یا متاثرہ حصے کی جلد کو صاف کریں، جلد خشک ہونے کے بعد 2 سے تین قطرے پودینے کے تیل کے لیں اور انہیں متاثرہ حصے پر لگالیں۔ یہ عمل دن میں 2 بار دہرائیں۔ پودینے کے تیل میں موجود منتھول درد میں کمی لائے گا جبکہ جراثیم کش ہونے کی وجہ سے یہ مزید انفیکشن سے بھی تحفظ فراہم کرے گا۔

بیکنگ سوڈا

بیکنگ سوڈا قدرتی طور پر جراثیم کش ہوتا ہے جو کہ ناخن گوشت میں دھنس جانے سے پیدا ہونے والے انفیکشن کا خطرہ کم کرتا ہے، آدھا چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا لے کر اس پر چند قطرے پانی ڈال کر گاڑھا پیسٹ بنالیں۔ اس پیسٹ کو متاثرہ حصے اور ارگرد لگالیں، جس کے بعد بینڈیج سے ڈھک دیں۔

ناریل کا تیل

کچھ مقدار میں ناریل کا تیل لیں اور زخم اور ارگرد کے حصے میں لگائیں، اس عمل کو دن میں 2 بار دہرائیں۔ ناریل کے تیل میں موجود فیٹی ایسڈز فنگل کش اور ورم کش ہوتے ہیں جو کہ گوشت میں دھنس جانے والے ناخن کو باہر نکالنے کے ساتھ درد سے ریلیف فراہم کرتے ہیں۔

لہسن

لہسن کے 2 سے تین ٹکڑے پیس لیں اور پھر انہیں زخم پر لگائیں، اس کے بعد پیسٹ کو بینڈیج سے ڈھانپ کر رات بھر کے لیے چھوڑ دیں۔

پیاز

پیاز کو کاٹ لیں اور ایک ٹکڑے کو زخم پر رکھ دیں، جس کے بعد اس کے اوپر پٹی باندھ کر رات بھر کے لیے چھوڑ دیں۔ یہ عمل رات کو سونے سے قبل ہی کریں، پیاز میں موجود اجزاءاس مسئلے سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ فنگل سے بھی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

پانی میں بھگوئیں

متاثرہ پیر کو نیم گرم پانی میں ڈبو کر بھی سوجن اور درد میں کمی لانا ممکن ہے۔ اس مقصد کے لیے پیر کو نیم گرم صابن ملے پانی میں 20 منٹ کے لیے ڈبو دیں، یہ عمل دن میں تین بار کرنا اس مسئلے سے جلد نجات میں مدد دے گا۔

نمک

اپنے پیر کو اپسم نمک ملے پانی میں 15 سے 20 منٹ کے لیے روزانہ 2 مرتبہ ڈبو دیں، اگر ناخن میں انفیکشن نہیں ہوا ہوگا تو وہ باہر اگنے لگے گا اور پھر اسے اوپر سے مناسب طریقے سے کاٹ لیں۔

روئی

یہ اس حوالے سے مقبول ٹوٹیکا ہے جس میں روئی کا ایک ٹکڑا ناخن کے اندر اس جگہ رکھ دیتے ہیں جہاں وہ جلد میں گھستا ہے، اس کے بعد ناخن باہر کی جانب اگنے لگتا ہے اور آپ کو اسے ٹھیک طرح سے کترنے کا موقع مل جاتا ہے، انفیکشن سے بچنے کے لیے روئی کے ٹکڑے کو سیب کے سرکے میں ڈبو کر رکھیں اور روزانہ اسے بدل دیں۔

دانت صاف کرنے والا دھاگا

جلد میں گھسنے والے ناخن کی سمت کو بدلنے کے لیے دانت صاف کرنے والے نرم دھاگے کا ایک ٹکڑا اس کے کونے میں رکھیں، دھاگے کے باہر نکلنے والے حصے کو کاٹ کر اسے وہاں چھوڑ دیں، اس طریقہ کار سے ناخن کو متاثرہ حصے سے الگ کرکے درد میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

وکس

وکس کی تھوڑی سی مقدار متاثرہ ناخن پر مل لیں اور پھر پٹی سے ڈھانپ دیں، وکس میں موجود آئلز جراثیم کش خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں جبکہ اس کا چکنا پن ناخن کو نرم کرنے میں مدد دیتا ہے، جس سے اس کے رخ کو موڑنا آسان ہوجاتا ہے۔

ہلدی

ایک چائے کا چمچ ہلدی لے کر کچھ مقدار میں پانی میں ملا کر پیسٹ بنالیں اور اسے متاثرہ حصے میں لگا کر کچھ گھنٹوں کے لیے چھوڑ دیں اور پھر صاف کریں، یا پٹی سے ڈھانپ کر اس پیسٹ کو خشک ہونے دیں، ضرورت پڑنے پر یہ عمل دوبارہ دہرائیں۔ ورم کش اور درد میں کمی لانے والی خصوصیات کی بناءہلدی اس تکلیف سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

سیب کا سرکہ

سیب کا سرکہ جراثیم کش اور ورم کش خصوصیات رکھتا ہے، جو انفیکشن کی روک تھام کرنے کے ساتھ سوجن کی شکار جلد کو آرام پہنچاتا ہے۔ اسے استعمال کرنے کے لیے کچھ مقدار میں روئی لیں اور اسے سیب کے سرکے میں ڈبو دیں۔ اس کے بعد متاثرہ ناخن پر رکھ کر اوپر سے پٹی باندھ لیں اور کچھ گھنٹوں کے لیے ایسے ہی رہنے دیں۔ پٹی اتارنے کے بعد جگہ کو خشک کرلیں۔

install suchtv android app on google app store