کھانا کھانے کے بعد یہ 6 کام ہر گز مت کریں

کھانا کھانے کے بعد یہ 6 کام ہر گز مت کریں فائل فوٹو

زندہ رہنے کے لیے پانی اور غذا کا استعمال تو ویسے ہی لازمی جزو ہے لیکن اگر جسم کو غذا مطلوبہ مقدار میں میسر نہ ہو تو وہ کمزوری کا باعث بھی بنتی ہے جو مختلف بیماریوں کا سبب ہے۔

ہم میں سے اکثر لوگ پیٹ کی ضرورت اور نیت بھر کر زیادہ کھانا کھاتے ہوئے یہ سوچتے کہ ہم تو کھانا کھا رہے ہیں جبکہ حقیقت میں کھانا ہم کو کھارہا ہوتا ہے۔

اسی لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمیشہ اچھی اور کم مقدار میں غذا لینی چاہیے تاکہ انسانی جسم اسے آسانی سے ہضم کرلے لیکن لوگوں کی اکثریت اس بات پر عمل نہیں کرتی اور سیرہوکر کھانا کھاتی ہے جس سے سستی کاہلی اور بدہضمی ہونے کا اندیشہ بھی ہوتا ہے۔

دیکھنے میں آیا ہے کہ بہت سے لوگ کھانا کھانے کے بعد اسے ٹھیک طرح ہضم ہی نہیں کرپاتے اور کھانا کھانے کے فوراًبعد چند عمل ایسے کرتے ہیں جو صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوتے ہیں۔

ہمیں ایسا ہرگز نہیں کرنا چاہیے لیکن بدقسمتی سے ایسے خطرناک عمل ہماری روزمرہ کی زندگی میں ایسے شامل ہوچکے ہیں کہ اب ایک عادت کا روپ دھارچکے ہیں۔

ان ہی چند عادات کی وجہ سے ہم متعدد بیماریوں کا شکار ہورہے ہوتے ہیں لیکن ہم ان پر غور ہی نہیں کرتے، ایسے ہی چھ اعمال یا عادات کا ذکر مندرجہ ذیل سطور میں کیا جارہا ہے، جنہیں اختیار کرنے سے ماہرین سختی کے ساتھ منع کرتے ہیں۔

کھانے کے بعد نہ کرنے والے 06 خطرناک اعمال

تمباکو نوشی نہ کریں

سگریٹ نوش افراد کھانا کھاتے ساتھ ہی سگریٹ اس خیال سے پیتے ہیں کہ اس سے ان کا کھانا ہضم ہوجائے گا لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے کے فوراً بعد ایک سگریٹ پینا 10سگریٹ پینے کے برابر ہوتا ہے۔ اس سے کینسر جیسے مہلک مرض کے لاحق ہونے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

فوراً پھل نہ کھائیں

جب آپ کھانے کے فوراً بعد پھل کھاتے ہیں تو وہ پھل کھانے کے ساتھ مل کر معدے میں پھنس جاتا ہے اور یوں وہ وقت پر آنتوں تک نہیں پہنچ پاتا۔ اس صورتحال میں معدے میں موجود یہ دونوں غذائیں خراب ہوجاتی ہیں جو صحت کی خرابی کا باعث بنتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق کھانا کھانے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد پھل کھانا چاہیے یا پھر کھانا کھانے سے پہلے۔ زیادہ بہتر ہے کہ پھل صبح سویرے کھایا جائے جب معدہ خالی ہو۔

چائے نہ پیئں

چائے کے پتوں میں بہت زیادہ تیزابیت پائی جاتی ہے اسی وجہ سے ماہرین کھانے کے فوراً چائے پینے سے منع کرتے ہیں۔ کھانے کے فوراً بعد چائے پینے سے کھانا ہضم ہونے میں مشکل پیش آتی ہے۔ بہتر یہی ہے کہ کھانا کھانے کے کم سے کم ایک گھنٹے بعد چائے پی جائے۔

بیلٹ کو ڈھیلا مت کیجئے

عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ لوگ کھانے بیٹھتے ہیں تو وہ اپنی بیلٹ ڈھیلی کرلیتے ہیں کیونکہ وہ اس طرح خود کو آرام دہ تصور کرتے ہیں۔ لیکن یہ ایک غلط عمل ہے اور اس عمل کو غلط اس لیے قرار دیا جارہا ہے کہ اس سے آنتیں مڑجاتی ہیں یا پھر ان میں کوئی رکاوٹ پیدا ہوتی ہے بلکہ اسے غلط اس لیے قرار دیا جاتا ہے کہ یوں آپ حد سے زیادہ کھانا کھاجاتے ہیں جو کہ آپ کی صحت کے لیے خطرناک ہے۔ بہتر یہی ہے کہ بیلٹ کو ڈھیلا کیے بغیر اس حد تک کھانا کھائیے جب تک آپ خود کو آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔

نہانا نقصان دہ ہے

موسم گرما میں پسینہ زیادہ آنے کی وجہ سے لوگ دن میں دو سے زائد مرتبہ غسل بھی کرتے ہیں۔ تاہم سردیوں میں ایک ادھ مرتبہ ہی لوگ غسل کرتے ہیں۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کچھ حالات میں نہانا صحت کے لیے خطرناک بھی ہوسکتا ہے۔ ان مین ایک خطرناک عمل کھانا کھانے کے فوراً بعد نہانا بھی ہے۔ کھانے کے فوراً بعد نہانے سے ہاتھوں، پاؤں اور باقی جسم میں خون کے بہاؤ میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ معدے کے اردگرد خون کے بہاؤ میں کمی واقع ہوتی ہے۔ اور اس وجہ سے عمل انہضام کا نظام کمزور ہونے کا خدشہ پیدا ہوجاتا ہے۔

فوراً نہ سوئیں

کھانا کھانے کے بعد اسے ہضم ہونے کیلئے کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔ اس صورتحال میں انسان کا جسم حرکت میں رہنا ضروری ہے۔ کھانا کھانے کے فوراً بعد سوجانے سے کھانا مناسب طور پر ہضم نہیں ہوپاتا جس کی وجہ سے ہماری آنتوں میں انفیکشن ہوجاتا ہے جو کہ متعدد بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔

install suchtv android app on google app store