اگر آپ چائے پینا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ یہ مشروب بڑھاپے کی جانب سفر سست کر سکتا ہے۔
یہ دعویٰ چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
سیچوان یونیورسٹی کی اس تحقیق میں 30 سے 79 سال کی عمر کے لگ بھگ 14 ہزار افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
تحقیق میں دیکھا گیا تھا کہ چائے پینے سے صحت اور عمر پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ان افراد سے معلوم کیا گیا کہ وہ روزانہ کتنے کپ چائے پیتے ہیں اور پھر عمر میں اضافے سے جسم پر مرتب ہونے والے بنیادی اثرات کا تجزیہ کیا گیا۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ 2 سے 4 سال تک لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ چائے پینے کی عادت سے حیاتیاتی عمر بڑھنے کی رفتار سست ہو جاتی ہے، خاص طور پر معتدل مقدار میں اس مشروب کو پینے والے افراد میں یہ اثر دیکھنے میں آتا ہے۔
خیال رہے کہ ویسے تو ہر فرد کی عمر کا تعین تاریخ پیدائش (کرانیکل ایج) سے کیا جاتا ہے مگر طبی لحاظ سے ایک حیاتیاتی عمر (بائیولوجیکل ایج) بھی ہوتی ہے جو جسمانی اور ذہنی افعال کی عمر کے مطابق ہوتی ہے۔
جینز، طرز زندگی اور دیگر عناصر اس حیاتیاتی عمر پر اثرات مرتب کرتے ہیں اور یہ عمر جتنی زیادہ ہوگی مختلف امراض کا خطرہ بھی اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔
محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ روزانہ 3 کپ چائے پینے سے بڑھاپے کی جانب سفر کو سست کیا جا سکتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ آپ خود کو طویل عرصے تک جوان رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ ضروری نہیں کہ ایسا ہر فرد کے ساتھ ہو مگر چائے میں موجود اجزا ممکنہ طور پر بڑھاپے کی جانب سفر سست کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چائے پولی فینولز نامی مرکبات اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور مشروب ہے۔
پولی فینولز مرکبات اور اینٹی آکسائیڈنٹس جسمانی ورم میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ خلیات کوپہنچنے والے نقصان کی روک تھام کرتے ہیں۔
پولی فینولز معدے میں موجود بیکٹریا کی نشوونما کے لیے بھی اہم ہوتے ہیں اور یہ بیکٹریا میٹابولزم، مدافعتی نظام اور دماغی افعال پر اثرات مرتب کرتے ہیں۔
محققین کا کہنا تھا کہ نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ کونسے مرکبات جوان رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
مگر انہوں نے کہا کہ اب تک کے شواہد پرجوش کر دینے والے ہیں اور بظاہر چائے پینے سے آپ عمر بڑھنے کی رفتار سست کر سکتے ہیں جبکہ بڑھاپے میں لاحق ہونے والے امراض کا خطرہ کم کر سکتے ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج دی لانسیٹ ریجنل ہیلتھ میں شائع ہوئے۔