سردی کے موسم میں کچھ غذائیں ایسی ہیں جن کا استعمال ٹھنڈ میں کمی لانے کے لئے فائدہ مند بھی ہے اور جن کے کھانے سے نزلہ زکام، خشک کھانسی اور بخار سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
سردیوں میں گرم لباس سے خود کو ڈھانپنا یا ہیٹر کے سامنے بیٹھنا کافی نہیں ہوتا بلکہ جسم گرم رکھنے کے لئے مخصوص غذا کا استعمال بھی ضروری ہوتا ہے۔
خشک میوہ جات
انجیر اور کھجور ٹھنڈ سے بچنے اور جسم کو گرم رکھنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ دونوں ہی آئرن اور کیلشیم سے بھرپور ہوتی ہیں اور جسم کی توانائی میں اضافہ کرتی ہیں۔
اس کے علاوہ مونگ پھلی، پستہ، بادام، کاجو، اخروٹ اور چلغوزے بھی سردیوں کی خاص سوغات مانے جاتے ہیں۔ بادام اور اخروٹ کولیسٹرول گھٹانے میں مدد دیتے ہیں۔
دیسی گھی کا استعمال
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں روزانہ ایک چمچ دیسی گھی کو اپنی خوراک کا حصہ بنانا مفید ہے۔ پکانے کے لئے استعمال ہونے والے عام تیل میں بلند درجہ حرارت پر فری ریڈیکل پیدا ہوجاتے ہیں جو متعدد بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔
اس کے برعکس دیسی گھی میں مستحکم سیچوریٹڈ بانڈ پر مشتمل چکنائی ہوتی ہے جس کی وجہ سے فری ریڈیکل بہت کم بنتے ہیں۔ اس میں شامل ان سیچوریٹڈ چکنائی جسم کو گرم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
جڑ والی سبزیاں
سردیوں میں پائی جانے والی بعض سبزیاں بھی ٹھنڈ سے محفوظ رکھتی ہیں۔ سردیوں میں جڑ والی سبزیاں استعمال کرنا مفید ہے۔ ان میں گاجر، مولی، آلو ، پیاز اور لہسن کا استعمال مفید بتایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ مٹر، گوبھی، مولی،شکر قندی، پالک، اروی اور ساگ بھی قابل ذکر ہیں۔
شہد توانائی کا ذریعہ
سردیوں میں شہد استعمال کرنے کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ اسے ناشتے میں روٹی اور دیسی گھی کے ساتھ لیں یا دن میں کسی وقت پانی میں گھول کر پی لیں۔
گرم مصالحے
موسم سرما میں گرم مسالے مثلاً لونگ،کالی مرچ،دار چینی کا استعمال مفید ہے۔سردیوں میں عام طور پر گرم مسالہ کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ گرم مسالے میں کئی فائدے مند جڑی بوٹیاں اور مرچیں شامل ہوتی ہیں جن سے صحت بہتر ہوتی ہے۔گرم مسالے کھانسی،جوڑوں میں درد اور موسم سرما میں ہونے والے دیگر جسمانی مسائل میں بھی فائدہ پہنچاتے ہیں۔