آلو بخارہ خشک شکل میں پورا سال آسانی سے دستیاب ہوتا ہے۔ خشک آلو بخارے پاکستان بھر میں مختلف پکوانوں کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
خشک آلو بخارے کھانا کا حصہ بنائے جا سکتے ہیں، ان کا جوس تیار کیا جا سکتا ہے یا ویسے بھی کھا سکتے ہیں۔ خشک آلو بخارے کئی ماہ تک خراب نہیں ہوتے اور متعدد غذائی اجزا کے حصول میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
مگر اس کھٹے میٹھے پھل کے استعمال سے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟
غذائی اجزا کا حصول
4 خشک آلو بخارے کھانے سے جسم کو 90 کیلوریز، 24 گرام کاربوہائیڈریٹس، 3 گرام غذائی فائبر، 14 گرام شکر، ایک گرام پروٹین، 20 ملی گرام کیلشیئم، 0.4 ملی گرام آئرن، 23 مائیکرو گرام وٹامن کے (K) ، 280 ملی گرام پوٹاشیم، 0.1 ملی گرام وٹامن بی 2، 0.9 ملی گرام وٹامن بی 3، 0.1 ملی گرام وٹامن بی 6، 0.2 ملی گرام وٹامن بی 5، 15 ملی گرام میگنیشم، 0.1 ملی گرام کاپر اور 0.1 ملی گرام manganese جیسے اجزا ملتے ہیں۔
ہڈیاں مضبوط بنائے
خشک آلو بخارے سے ہڈیوں کی صحت پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات کے حوالے سے برسوں سے تحقیقی کام ہو رہا ہے۔ حالیہ تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ خشک آلو بخارے کھانے سے ہڈیوں کی کمزوری اور حجم میں کمی کی روک تھام ممکن ہوسکتی ہے۔
2022 کی ایک تحقیق میں خواتین کو شامل کیا گیا تھا کیونکہ خواتین میں ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ خشک آلوبخارے ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔
خشک آلوبخاروں میں متعدد وٹامنز اور منرلز موجود ہوتے ہیں جو ہڈیوں کے لیے اہم ہوتے ہیں، مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ پھل ورم کا مقابلہ بھی کرتا ہے جس سے بھی ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
کولیسٹرول کی سطح میں کمی
خشک آلو بخاروں میں فائبر جیسا جز موجود ہوتا ہے جو بلڈ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ 12 خشک آلو بخارے کھانے سے کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے اور امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
نظام ہاضمہ صحت مند بنائے
خشک آلو بخاروں میں موجود فائبر قبض سے نجات دلانے یا اس سے بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ فائبر کے ساتھ ساتھ اس پھل میں ایسے مرکبات اور شکر موجود ہوتی ہے جو جلاب کی طرح کام کرتے ہیں۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق خشک آلو بخارے کھانے سے آنتوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں جس سے بھی قبض سے ریلیف میں مدد ملتی ہے۔
بلڈ شوگر کی سطح مستحکم کرے
اس پھل میں فائبر موجود ہوتا ہے اور یہ غذائی جز خون میں شکر کے اخراج کی رفتار سست کرتا ہے جس سے بلڈ شوگر کی سطح مستحکم ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ خشک آلو بخارے میٹھے بھی ہوتے ہیں تو یہ پھل چینی سے بنی اشیا کا صحت مند متبادل ثابت ہوتا ہے۔
پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ وقت تک برقرار رہتا ہے
تحقیقی رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ خشک آلو بخارے پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ وقت تک برقرار رکھتے ہیں۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس پھل کو کھانے سے جسمانی وزن کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے کیونکہ لوگ بے وقت کچھ نہیں کھاتے۔
اس کے ساتھ ساتھ فائبر سے بھرپور غذائیں بھی جسمانی وزن کو مستحکم رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں اور خشک آلو بخاروں میں یہ غذائی جز موجود ہوتا ہے۔
ورم کی روک تھام
اس پھل میں پولی فینولز جیسے قدرتی مرکبات موجود ہوتے ہیں جو جسم میں اینٹی آکسائیڈنٹس کی طرح کام کرکے ورم کو کم کرتے ہیں اور ڈی این اے کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
اس کا جوس بھی مفید ہے
دیگر پھلوں کے جوسز کے مقابلے میں خشک آلو بخارے کے جوس میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔ اس جوس کو قبض سے نجات کا ٹوٹکا بھی تصور کیا جاتا ہے جبکہ ہڈیوں کی صحت کو بھی کسی حد تک فائدہ ہوتا ہے۔