روزانہ مونگ پھلی کھانا صحت کیلئے کتنا مفید ہے؟

روزانہ مونگ پھلی کھانا صحت کیلئے کتنا مفید ہے؟ فائل فوٹو روزانہ مونگ پھلی کھانا صحت کیلئے کتنا مفید ہے؟

سردیوں میں بیشتر افراد مونگ پھلی کھانا پسند کرتے ہیں۔ مونگ پھلی کو مختلف شکلوں میں کھایا جاتا ہے مگر کیا یہ صحت کے لیے کتنا فائدہ مند ہے؟

بیشتر افراد کا ماننا ہے کہ مونگ پھلی بادام، اخروٹ یا کاجو جتنی مفید نہیں ہوتی۔

مگر حقیقت تو یہ ہے کہ مہنگی گریوں کے مقابلے میں سستی مونگ پھلی صحت کے لیے بہت مفید ثابت ہوسکتی ہے۔

مونگ پھلی پروٹین، چکنائی اور فائبر سے بھرپور ہوتی ہے اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ چکنائی کی یہ قسم صحت کے لیے مفید خیال کی جاتی ہے جس سے کولیسٹرول لیول کم ہوتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ مونگ پھلی میگنیشم، فولیٹ، وٹامن ای، کاپر، کیلشیئم، آئرن، زنک، فاسفورس، وٹامن بی 3، وٹامن بی 1، وٹامن بی 6 اور وٹامن بی 2 کے حصول کا بھی اچھا ذریعہ ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق مونگ پھلی دل کی صحت کے لیے اخروٹ اور باداموں جتنی ہی مفید ثابت ہوسکتی ہے۔

اس کو کھانے سے کولیسٹرول لیول میں کمی آتی ہے جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اسی طرح مونگ پھلی کو کھانے کی عادت بلڈ کلاٹس کی روک تھام بھی کرتی ہے جس سے ہارٹ اٹیک یا فالج سے بچنا ممکن ہوتا ہے۔

پروٹین سے بھرپور غذاؤں سے پیٹ زیادہ دیر تک بھرنے کا احساس ہوتا ہے اور مونگ پھلی میں پروٹین کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق غذا میں مونگ پھلی کو شامل کرنے سے جسمانی وزن میں اضافہ نہیں ہوتا بلکہ اس میں کمی آتی ہے۔

مونگ پھلی کو کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ نہیں ہوتا، اس لیے اعتدال میں رہ کر اسے کھانا ذیابیطس کے مریضوں کے لیے نقصان دہ نہیں۔

تحقیقی رپورٹس سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ مونگ پھلی کھانے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

مونگ پھلی فائبر کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے جس سے نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور جسمانی ورم میں کمی آتی ہے۔

تحقیقی رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ مونگ پھلی کے مکھن (peanut butter) کو کھانے سے معدے کے کینسر کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔

مونگ پھلی کو اکثر کھانے سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ مونگ پھلی سمیت کسی بھی قسم کی گری کھانے کے عادی ہوتے ہیں ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اگرچہ اس تحقیق میں یہ وجہ تو سامنے نہیں آسکی کہ مونگ پھلی کھانے سے موت کا خطرہ کم کیوں ہوتا ہے مگر اسے مفید ضرور قرار دیا گیا۔

تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ مونگ پھلی کو کھانے سے مردوں اور خواتین میں پتے کی پتھری کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔

پتے میں پتھری عموماً کولیسٹرول کی سطح بڑھنے کا نتیجہ ہوتی ہے اور مونگ پھلی کھانے سے کولیسٹرول کی سطح کم ہوتی ہے جس سے یہ خطرہ کم ہوتا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store