اکثر لوگوں کی آنکھیں عموماْ سرخ ہوجاتی ہیں جس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کسی بیماری کی علامت بھی ہوسکتی ہے۔
دھول مٹی، اسمارٹ فون اور اطراف کا ماحول صرف ہماری جسمانی صحت پر اثر نہیں ڈالتا بلکہ آنکھوں کو بھی متاثر کرتا ہے، کئی لوگوں کی اکثر آنکھیں سرخ ہوجاتی ہیں جن کا عموماْ مذکورہ بالا ذکر کردہ وجوہات سے تعلق جوڑتے ہوئے گھریلو ٹونے ٹوٹکوں سے علاج کی کوشش کی جاتی ہے۔
ڈاکٹروں کی رائے ہے کہ اگر آپ کی آنکھیں سرخ ہورہی ہیں تو بغیر کسی تاخیر کے کسی ماہر امراض چشم سے رجوع کریں کیونکہ یہ کسی خطرناک بیماری کی ابتدائی علامت بھی ہوسکتی ہے۔
آنکھوں میں سرخی گلوکوما جسے ’’کالا موتیا‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے کی بھی علامت سمجھی جاتی ہے جو کہ دنیا بھر میں نابینا پن اور جزوی طور پر بینائی خراب ہونے کی ایک اہم وجہ جانی جاتی ہے۔
تو اگر آپ کو آنکھوں کی سرخی کے ساتھ درد، آنکھوں سے پانی بہنے اور سردرد جیسی علامات محسوس ہوں تو تاخیر کریں اور پہلی فرصت میں کسی اچھے ماہر امراض چشم سے رابطہ کریں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آنکھوں میں سرخی اور سوزش عموماْ ماحول کے گردوغبار سے آنکھوں میں پیدا ہونے والے انفیکشن کی وجہ سے ہوتی ہے، اس انفیکشن میں بعض اوقات آنکھوں کے پپوٹوں کے اندر سرخ دانے نکل آتے ہیں جس کی وجہ سے آنکھوں میں سرخی اور جلن محسوس ہوتی ہے۔ ایسی صورت میں آنکھوں کو تازہ پانی سے دھونے کے ساتھ کسی اچھے ماہر امراض چشم سے معائنہ کرانا چاہیے۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ آنکھوں میں سوزش اور لالی کی وجہ الرجی بھی ہوسکتی ہے، اس کے لیے متاثرہ شخص کو الرجی کی وجہ بننے والی ہر چیز کو خود سے دور کرنا چاہیے اور اینٹی الرجی کی دوا لینی چاہیے۔
پرسکون نیند کا نہ ہونا یا نیند کی کمی اور منشیات کا استعمال بھی آنکھوں میں سوزش اور سرخی کی وجہ بن سکتا ہے اس لیے منشیات کو ترک کیا جائے اور بھرپور نیند کے لیے اپنے معمولات زندگی کو تبدیل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔