ملیریا کی پہلی ویکسین, عالمی ادارہ صحت کا بچوں سے متعلق بڑا فیصلہ

  • اپ ڈیٹ:
ملیریا فائل فوٹو ملیریا

عالمی ادارہ صحت نے بچوں کے لیے ملیریا کی پہلی ویکسین سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا، ڈبلیو ایچ او نے بچوں کے لیے آرٹی ایس، ایس /اے ایس 01 ملیریا ویکیسن کی منظوری دی ہے۔


عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم کا کہنا ہے کہ ملیریا کی پہلی ویکسین کی دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔

مچھر سے پھیلنے والی بیماری، جس کی وجہ سے افریقی ممالک میں بچوں سمیت دنیا میں سالانہ چار لاکھ افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں کے خلاف یہ پہلی ویکسین ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے یہ فیصلہ گھانا، کینیا اور مالدیپ میں 2019 میں تشکیل دیے گئے ایک پائلٹ پروگرام کے جائزے کے بعد کیا۔

جہاں ویکسین کی 20 لاکھ سے زائد خوراکیں دی گئی تھیں، جس کو پہلی مرتبہ فارما سیوٹیکل کمپنی گلیکسو اسمتھ کے لائن نے1987 میں تیار کیا تھا۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل تیدروس ایڈہانوم نے کہا کہ مذکورہ ممالک سے حاصل ہونے والے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد عالمی ادارہ صحت نے ملیریا کی دنیا کی سب سے پہلی ویکسین کے وسیع طور پر استعمال کی تجویز دی ہے۔

ایک بیان میں ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ افریقی ممالک میں بڑے پیمانے پر بچوں اور دیگر خطوں میں معمولی سے شدید ملیریا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے استعمال کے بعد اس ویکسین کی تجویز دی جا رہی ہے۔

دنیا میں مختلف بیماریوں اور جراثیم کے سدباب کے لیے کئی ویکسین موجود ہیں لیکن عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پہلی مرتبہ انسانی وبائی مرض کے خلاف ایک ویکسین کے وسیع پیمانے پر استعمال کی تجویز دی گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے گلوبل ملیریا پروگرام کے ڈائریکٹر پیڈرو ایلونسو کا کہنا تھا کہ سائنسی نکتہ نظر سے یہ ایک بہت بڑی پییش رفت ہے۔

ویکسین پانچ قسم کے وبائی جراثیم اور ان میں سے اکثر بدترین کہلانے والے پلاسموڈیم فیلسیپارم کے خلاف کام کرتی ہے۔ دوسری جانب کہا جارہا ہے کہ افریقی بچوں تک تجویز کردہ ویکسین پہنچنے سے قبل اگلا قدم فنڈنگ کا ہوگا۔

عالمی ادارہ صحت کے شعبہ امیونائزیشن، ویکسین اور بائیولوجیکلز کے ڈائریکٹر کیٹ او برائین کا کہنا تھا کہ یہ اگلے اہم قدم ہوگا پھر ہم خوراک کی فراہمی کا تعین کریں گے اور فیصلہ کریں گے کہ ویکیسن کہاں سب سے زیادہ فائدہ مند ہوگی اور وہاں تک کیسے پہنچایا جائے، ڈبلیو ایچ او کے مطابق ہر دو منٹ بعد ایک بچہ ملیریا کی وجہ سے انتقال کرجاتا ہے۔

install suchtv android app on google app store