گلوکار ابرارالحق نے عربوں کو نچا کر رکھ دیا

معروف پاکستانی سنگر ابرار الحق فائل فوٹو معروف پاکستانی سنگر ابرار الحق

سعودی عرب کے عروس البلاد شہر جدہ میں " جٹ چڑھیا کچہری " نے دھوم مچا دی ، معروف پاکستانی سنگر ابرار الحق نے اپنی آواز کے جادو سے پاکستانیوں سمیت سعودی شہریوں کو بھی رقص کرنے پر مجبور کر دیا ۔

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام بین الاقوامی میوزک فیسٹول میں پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے شاندار پرفارمنس دی جس کو سننے کے لئے پاکستانی کمیونٹی کے سینکڑوں مردو خواتین کے علاوہ سری لنکا ، بنگلہ دیش ، بھارت اور سعودی شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

 

ابرار الحق نے جٹ چڑھیا کچہری، کڑیاں لہور دیاں اور تیرے رنگ رنگ جیسے گانوں کے سر بکھیرے تو شائقین سرور میں مست ہو گئے۔ ان کی آواز کے جادو سے جہاں پاکستانی کمیونٹی رقص کرنے پر مجبور ہوگئی وہیں پر سعودی شہریوں کی بڑی تعداد بھی بھنگڑا ڈالنے پر مجبور ہوگئی۔ فیسٹول میں بھارت سے معروف گلوکار محمد اسلم ، جدہ سے پاکستانی نوجوان گلوکار نعیم سندھی اور دیگر نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔

سعودی انٹرٹینمنٹ کی مشیر نوشین احمد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم مختلف ممالک کے افراد کو اپنے ممالک کی ثقافت کے اعتبار سے تفریحی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کو پردیس میں دیس جیسا ماحول میسر آسکے ۔ مستقبل قریب میں مزید اچھے پروگرام کریں گے۔

میوزک فیسٹول میں شریک افراد نے بھی سعودی انٹرٹینمنٹ کی کاوش کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ فیسٹول میں مقامی گلوکاروں نے بھی اپنی آوازوں کا جادو جگایا اور حاضرین سے داد وصول کی۔

install suchtv android app on google app store