ماہرہ خان کی نئی فلم ’ورنہ‘ کی پہلی جھلک

 ماہرہ خان فائل فوٹو ماہرہ خان

ٹی وی اداکارہ و فلم اسٹار ماہرہ خان کی آنے والی فلم ’ورنہ‘ کی پہلی جھلک جاری کردی گئی۔

شروع میں تو یہ خبریں بھی تھیں کہ ماہرہ خان کی ’ورنہ‘ گزشتہ عیدالفطر پر ریلیز ہوگی، تاہم عید پر فلم کی نمائش تو دور کی بات پہلی جھلک بھی جاری نہ ہوسکی تھی۔

تاہم اب ڈھائی مہینے کی تاخیر کے بعد فلم کی پہلی جھلک جاری کردی گئی ہے، جس میں صرف ماہرہ خان کو ہی دکھایا گیا ہے۔

’خدا کے لیے ‘ جیسی بلاک بسٹر مووی کے ہدایت کار شعیب منصور کی اس فلم کو رواں برس نومبر میں ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کا پوسٹرفریدون شہریار نے ٹوئیٹ کیا، جسے اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اپنے ٹوئٹر پر شیئر کیا، جس پر فلم ساز شرمین عبید چنائی اور سرمد کھوسٹ سمیت دیگر افراد نے کمنٹ کیے۔

فلم ’ورنہ‘ میں اداکارہ ماہرہ خان مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، رپورٹس کے مطابق فلم میں وہ ’ریپ‘ کی شکار ہونے والی خاتون کا کردار ادا کریں گی۔

ماہرہ خان فلم میں خود کو انصاف اورملزم کو سزا دلانے کے لیے جدوجہد کرتی نظر آئیں گی، جاری کیے پوسٹر میں ماہرہ خان کی سرخ آنکھوں میں درد اور مجبوری کو محسوس کیا جاسکتا ہے۔

فلم کو ’ہم‘ فلمز کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا، اس فلم کا اسکرپٹ بھی شعیب منصور نے لکھا ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان اس سے قبل بھی شعیب منصور کی فلم ’بول‘ سے فلم ڈیبیو کر چکی ہیں، ماہرہ خان کی پہلی فلم بھی ہٹ ثابت ہوئی تھی۔

بول میں ماہرہ خان کے ساتھ گلوکار عاطف اسلم نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

رواں برس کے آغاز میں ماہرہ خان کی بولی وڈ ڈیبیو فلم ’رئیس‘ بھی ریلیز ہوئی تھی، جس میں وہ رومانس کے بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ نظر آئیں تھیں۔

install suchtv android app on google app store