گورنرہاؤس لاہور میں بدھ کے روز سول ایوارڈز کی تقسیم اعزازات کی پروقار تقریب ہوئی جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے صدر پاکستان کی جانب سے معروف پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی کو فن موسیقی میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے نوازا۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گورنر سے ستارہ امتیاز ملنے کی ویڈیو اور ستارہ امتیاز کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے حدیقہ کیانی نے لکھا کہ مجھے کل ستارہ امتیاز حاصل ہونے پر بے حد فخر، خوشی اور عاجزی محسوس ہو رہی ہے۔ یہ میرے لیے اب بھی ناقابل یقین ہے کہ تمغہ امتیاز ملنے کے 20 سال بعد مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا۔
حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ میں یہ اعزاز اپنے بیٹے، اپنے سامعین، چاہنے والوں، خاندان اور ان تمام لوگوں کے نام کرتی ہوں جو برسوں سے اس سفر کا حصہ رہے ہیں، میں دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں کہ آپ سب کے ساتھ یہ سفر آج بھی جاری ہے۔
حدیقہ کیانی نے بتایا کہ یہ ایک خوبصورت اتفاق ہے کہ اس بار بھی میں نے سرخ لباس ہی پہنا تھا اور 20 سال قبل بھی تمغہ امتیاز ملتے وقت بھی میں نے سرخ رنگ کا لباس سے پہن رکھا تھا۔