پاکستان کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے اپنی والدہ اداکارہ افشاں قریشی کے وائرل بیان پر ردعمل دیا ہے۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر افشاں قریشی کا بیٹے سے متعلق ایک بیان سامنے آیا تھا جس کے حوالے سے متعدد میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس بیان میں ترمیم کی گئی اور ویڈیو ایڈٹ شدہ تھی۔
اس حوالے سے افشاں قریشی نے بھی انسٹاگرام کے معروف شوبز کے پیج دیوا میگزین کو آڑے ہاتھوں لیا اور کمنٹ کیا کہ 'آپ لوگ جھوٹی خبریں پھیلانے سے باز نہیں آتے، برائے مہربانی میرے اور میری فیملی کے حوالے سے غلط خبریں نہ پھیلائیں'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'ویوز اور کمنٹس کے لیے یہ گھٹیا ترکیبیں کرنا بند کریں'۔
اسی کا اسکرین شاٹ فیصل قریشی نے انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا اور ردعمل دیا۔
اداکار نے طنزیہ لکھا کہ 'ارے سارا مصالحہ ہی ختم کردیا ہماری اماں نے، اب لوگ کیا کریں گے؟'
واضح رہے کہ وائرل ویڈیو میں افشاں قریشی کو کہتے سنا گیا کہ انہوں نے بیٹے کی کامیابی کے لیے خدا سے دعا کی اور ان کی دعائیں قبول ہوئیں لیکن انہوں نے غلطی سے یہ دعا نہیں مانگی کہ ان کا بیٹا اچھا بیٹا اور انسان بھی بنے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایڈٹ شدہ ویڈیو میں بعد ازاں اداکارہ بچوں کی جانب سے والدین کو اولڈ ہاؤسز میں چھوڑ کر آنے کی بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
میڈیا رپورتس کے مطابق سوشل میڈیا صارفین سمجھ بیٹھے کہ شاید اداکارہ اپنے بیٹے کی نافرمانی پر بات کر رہی ہیں لیکن اصل میں وہ دنیا کے تمام بچوں کو پیغام دیتی دکھائی دیتی ہیں کہ وہ اپنے والدین کا احترام کریں، ان کی خدمت کریں، انہیں اولڈ ہاؤسز میں نہ بھیجیں۔