پاکستانی فلموں کے سپرسٹارشان شاہد نے اداکارہ میرااورصحافی ارشادبھٹی کے درمیان ہونے والے تنازع پر لب کشائی کردی۔ میرا کی عیدالاضحیٰ پرریلیزہونےوالی فلم’’سائیکو‘‘میں ان کے ساتھی اداکار اورفلم کے ڈائریکٹر شان شاہد نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں میں اس تنازع کے حوالے سے خاموشی توڑدی۔
شان شاہد کا اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے ایک بات سمجھ نہیں آتی، تحقیقاتی صحافت اور انٹرٹینمنٹ صحافت دو الگ چیزیں ہیں لیکن پاکستان میں سیاسی صحافت اپنی حدود پار کر کے انٹرٹینمنٹ کے دائرے میں کیوں داخل ہو جاتی ہے؟
ان کے سوالات اکثر تفتیش جیسے لگتے ہیں، جیسے فنکار کسی انٹرویو میں نہیں بلکہ عدالت یا نیب میں بیٹھے ہوں، میرا مطلب یہ ہے کہ صحافت میں پروفیشنلز کو انٹرٹینمنٹ جرنلزم سیکھنی چاہیے، جو ایک فنکار کے ہنر کے بارے میں ہونی چاہیے، تحقیقاتی صحافت کی طرح وہاں’’تفتیش‘‘ نہیں ہونی چاہیے۔
پاکستانی فلموں کے سپرسٹارنے مزید کہا کہ مجھے بہت افسوس ہوتا ہے جب وہ فنکاروں کو صادق اور امین دیکھنا چاہتے ہیں، انسان غلطیاں کرتے ہیں، آپ کو اپنے پوڈکاسٹ میں کامل انسان کیوں چاہیے؟ میں بہت اچھے لوگوں کو
ایسی بری حرکتیں کرتے دیکھتا ہوں ، ہم انہیں دیکھتے ہیں، وہ اچھے شوز کرتے ہیں، ہم انہیں فالو کرتے ہیں، عزت دیتے ہیں اور ان کے تجزیے سنتے ہیں، لیکن پھر وہ اپنی عزت کھو دیتے ہیں۔
شان شاہد نے مزید کہا کہ اب فنکاروں کو میزبانوں کے پوڈکاسٹس میں جانے سے پہلے ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں مکمل ہوم ورک کر کے جانا چاہیے۔