نوشین شاہ کا فلم ڈائریکٹر نبیل الرحمٰن لطفی پر بڑا الزام

اداکارہ نوشین شاہ فائل فوٹو اداکارہ نوشین شاہ

اداکارہ نوشین شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم ڈائریکٹر نبیل الرحمٰن لطفی اور ان کی اہلیہ ان سے 35 لاکھ روپے لے کر فرار ہوگئے ہیں، ان کے خلاف دو مقدمات بھی درج ہیں۔

حال ہی میں نوشین شاہ نے ایک ٹی وی شو میں شرکت کی تھی، میزبان نے سوال پوچھا کہ کیا کبھی کسی نے آپ کو بے وقوف بنایا ہے جس پر اداکارہ نے اعتراف کیا کہ انہیں حال ہی میں ایک ڈائریکٹر نے دھوکا دیا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ’نبیل الرحمٰن لطفی اور ان کی اہلیہ جو بظاہر میرے دوست تھے مجھ سے 35 لاکھ روپے لے کر بھاگ گئے ہیں۔’

ان کا کہنا تھا کہ ’نبیل نے مجھ سے کہا کہ میں کرپٹو کا کام کرتا ہوں تو تم میرے ساتھ انویسٹ کرو، جس پر میں نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کتنی رقم انویسٹ کرنی ہوگی؟ جس پر نبیل نے جواب دیا کہ تقریباً 20 لاکھ انویسٹ کرنے ہوں گے، جس کے بعد میں نے انہیں اپنی سادگی میں بغیر کسی کاغذی کارروائی کے 20 لاکھ روپے دے دیے۔’

اداکارہ نے بتایا کہ اس کے علاوہ ’میں نے ان کی فلم کے لیے 15 لاکھ روپے ادھار دیے تھے، لیکن اب وہ غائب ہوچکے ہیں۔’

انہوں نے ساتھی اداکاروں کو خبردار کیا کہ جو لوگ انہیں جانتے ہیں وہ خبردار رہیں، اگر ان کے ساتھ کوئی لین دین کرنی ہے تو کاغذی کارروائی لازمی کریں۔

نوشین شاہ نے بتایا کہ بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ نبیل الرحمٰن نے ان کے علاوہ شوبز کے دیگر لوگوں سے 5 سے 6 کروڑ روپے لیے اور اس کے بعد دونوں میاں بیوی غائب ہیں، ان کے خلاف دو ایف آئی آر بھی درج کی جاچکی ہیں۔

نوشین شاہ نے کہا کہ ’آج کل ہم کسی پر بھروسہ نہیں کرسکتے جب تک آپ کسی کو 20 سے 30 سال پرانا نہ جانتے ہوں۔‘

install suchtv android app on google app store