بگ باس سیزن 17 کا ٹائٹل جیتنے والے منور فاروقی کے تہلکہ خیز انکشافات

 منور فاروقی فائل فوٹو منور فاروقی

بھارتی ریئلٹی شو بگ باس سیزن 17 کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والے اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کے بچپن سے متعلق کئی تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

گزشتہ روز بگ باس سیزن 17 اپنے اختتام کو پہنچا تھا، جس میں منور فاروقی نے جیت کر گاڑی، 50 لاکھ روپے اور ٹرافی انعام میں حاصل کی تھی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں منور فاروقی نے اپنے بچپن سے متعلق کئی انکشافات کیے ہیں۔

1992 میں جوناگڑھ، گجرات میں پیدا ہونے والے منور فاروقی کا کہنا تھا کہ سنہ 2002 میں ان کا گھر گجرات فسادات میں تباہ کر دیا گیا تھا۔

جس کے بعد وہ اپنے خاندان کے ساتھ ممبئی کے علاقے ڈونگری آئے تھے۔ والدہ کی وفات کے بعد وہ بچپن میں برتن فروخت کرتے اور گرافک آرٹسٹ کا کام کرتے تھے۔

منور کے دوست بلراج سنگھ گھئی کامیڈی شوز کا اہتمام کرنے والی تنظیم ’دی ہیریٹیج‘ کے بانی ہیں۔ بلراج سنگھ گھئی کے مطابق ایک دفعہ اشتہار کے سیٹ پر ایک اسٹینڈ اپ کامیڈی سین شوٹ ہونا تھا، لیکن پروڈیوسرز کے پاس کوئی شخص موجود نہ تھا۔ منور کو وہاں دیکھ کر اسے پیشکش کی گئی اور اس نے بہت بہترین اسٹینڈ اپ کامیڈی کی جس کے بعد وہ کامیڈی کی دنیا میں نہ صرف آیا بلکہ خوب شہرت بھی حاصل کی۔

بگ باس شو میں آنے والی عائشہ نامی خاتون کی منورفاروقی سے متعلق کہی گئی باتوں کا خوب چرچا ہوا تھا۔ ان کے آنے سے منورفاروقی کی ساکھ کو بھی خاصا نقصان پہنچا تھا۔

منور فاروقی کا کہنا تھا کہ ’میں نے کبھی امید نہیں چھوڑی تھی مگر ایک لمحہ ایسا ضرور آیا تھا جب میں بھٹک گیا تھا لیکن میں نے پھر بھی شو جیتنے کی امید کبھی نہیں چھوڑی‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بگ باس ہاؤس کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا جب میں نے محسوس کیا کہ منزل پر پہنچنے سے پہلے مجھے کچھ چیزیں ٹھیک کرنی ہوں گی کیونکہ اگر میری گاڑی پنکچر ہے تو میں آگے نہیں جا سکتا، اس لیے میں رکا، گاڑی کو ٹھیک کیا اور پھر آگے بڑھا۔‘

منور فاروقی تین ماہ سے زائد عرصے تک اس شو کا حصہ رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کبھی شائقین کو ہنسایا تو کبھی رلایا بھی تھا۔

2022 میں منور فاروقی نے رئیلٹی ٹی وی شو ’لاک اپ‘ کا پہلا سیزن جیتا تھا، جس کی میزبانی اداکارہ کنگنا رناوت نے کی تھی۔

install suchtv android app on google app store