اداکارہ زویا ناصر نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ عرصہ قبل ان کی موت کی خبریں وائرل ہوئی تھیں، جس کا انہیں بہت دکھ پہنچا تھا۔
یوٹیوب پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیتےہوئے زویا ناصر نے کہا کہ اصل میں ان کی بھابھی کا انتقال ہوا تھا، جو خود ان کے لیے بہت بڑا صدمہ تھا کیونکہ وہ اپنی بھابھی کے بہت قریب تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب ان کی بھابھی کا انتقال ہوا تو سوشل میڈیا پر خود ان کی موت کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں، چند سیکنڈ میں یہ خبر پر جگہ پھیل گئی تھی، ان کے قریبی رشتہ داروں نے بھی سمجھ لیا کہ ان کا اصل میں انتقال ہوگیا ہے۔
زویا نے انکشاف کیا کہ اصل میں ان کی بھابی کا انتقال ہوا تھا، ’کسی نے یہ خبر پھیلائی تھی کہ ناصر ادیب کی بہو کا انتقال ہوگیا ہے، جب خبر وائرل ہوئی تو بہو کی جگہ بیٹی لکھا آگیا، اس طرح لوگوں نے سمجھا کہ میرا انتقال ہوگیا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ چونکہ وہ اپنی بھابھی کے انتقال کی وجہ سے صدمے میں تھیں اس لیے سوشل میڈیا سے دور تھیں، انہوں نے کئی گھنٹے بعد اپنے افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے زندہ ہونے کی تصدیق کی۔