ماضی کی مقبول اداکارہ ریما خان نے انکشاف کیا ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد انہیں مشورے دیے گئے کہ اس کی پرورش کے لیے نوکرانی رکھو۔
ریما خان نے 2011 میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2015 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔
شادی کے بعد اداکارہ نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی اور وہ کئی سال تک نہ صرف اسکرین بلکہ تقریبات سے بھی غائب رہی تھیں لیکن کچھ عرصے سے وہ ٹی وی پروگرامات اور تقریبات میں دکھائی دینے لگی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بچے کی پیدائش اور پرورش پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تو انہیں مشورے دیے کہ وہ بچے کی دیکھ بھال کے لیے کسی کو ملازم رکھیں۔
ریما خان نے انکشاف کیا کہ نہ صرف دوسرے افراد بلکہ انہیں اپنی بہنوں اور والدہ نے بھی بیٹے کی پرورش کے لیے نوکرانی رکھنے کا کہا لیکن انہوں نے کسی کی بات نہیں مانی۔
اداکارہ کے مطابق بیٹے کی پیدائش کے بعد وہ 5 سال تک ایک لمحے کے لیے بھی ان سے الگ نہ ہوئیں اور وہ انہوں نے انہیں کافی وقت تک اپنا دودھ پلایا۔
ریما خان نے کہا کہ ہر کوئی انہیں یہی مشورہ دیتا تھا کہ وہ اپنی صحت اور بہتر لائف اسٹائل کے لیے بچے کی نگرانی کے لیے نوکرانی کی خدمات حاصل کریں۔
اداکارہ نے کہا کہ لیکن انہوں نے ہمیشہ یہی سوچا کہ ماضی میں خواتین ایک ساتھ 5 یا 6 بچوں کی پرورش بھی کرتی تھیں اور خود ان کی والدہ نے ان سمیت دیگر بچوں کی بھی پرورش کی تو وہ کیوں بچے کی نگہبانی کے لیے نوکرانی رکھیں۔