اداکارہ رابعہ کلثوم کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے شوہر ایک ساتھ ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، سیٹ پر شوہر کے ساتھ رومانوی شوٹنگ کے دوران انہیں شرم آجاتی ہے۔
رابعہ کلثوم ٹیلی ویژن کی نامور سینئر اداکارہ پروین اکبر کی بیٹی اور فیضان شیخ کی بہن ہیں، اداکارہ ماہم عامر ان کی بھابھی ہیں، انہوں نے 2018 میں گلوکار ریحان ناظم سے شادی کی تھی، جوڑے کے ہاں 2021 میں ایک بیٹے کی پیدائش بھی ہوئی۔
اداکار نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی، بھابھی، والدہ کے بعد شوہر نے بھی اداکاری کے شعبے میں قدم رکھ لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’شوہر نے فنانس کی تعلیم اور میں نے دندان سازی میں تعلیم حاصل کی ہے، شادی کے بعد شوہر اداکاری کیلئے سنجیدہ تھے، وہ 15 سال سے گلوکاری بھی کررہے ہیں، اداکاری کیلئے انہوں نے پہلے ناپا جوائن کیا اور پھر شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا، اب ہم ایک ساتھ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کررہے ہیں جو جلد ٹی وی پر نشر ہوگا۔‘
رابعہ کلثوم نے بتایا کہ ڈرامے میں بھی وہ دونوں میاں بیوی کا کردار نبھا رہے ہیں لیکن ان کا کردار منفی ہے، ’حقیقی میاں بیوی ہونے کی وجہ سے شوٹنگ کے دوران مزہ بھی آتا ہے لیکن رومانوی کردار کرتے ہوئے شرم آتی ہے جیسے ہم دونوں ایک دوسرے نہیں جانتے۔‘
انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ ’ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران بھول جاتے ہیں کہ ہم دونوں حقیقی میاں بیوی ہیں، پھر ڈائریکٹر ہمیں یاد دلاتے ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر ملکی مسائل پر کھل کر اظہار خیال کرنے کے بعد سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے رابعہ کلثوم نے بتایا کہ ’جب دل کرتا میں آواز اٹھاتی ہوں لیکن پھر منفی باتیں بھی سننے کو ملتی ہیں، یہاں تک کہ عمرے کی تصویر لگانے پر بھی لوگ تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ والدہ کا شوبز انڈسٹری سے تعلق ہونے کی وجہ سے انہیں کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا، وہ خود محنت کرکے اس مقام پر پہنچی ہیں۔
رابعہ کلثوم نے بتایا کہ ’والدہ نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ کوئی سے میری فرمائش کریں گی، میں نے اس پروفیشن کا انتخاب کیا ہے اس لیے مجھے خود محنت کرنی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’والدہ کی وجہ سے مجھے اگر فائدہ ہوتا تو میں کسی بڑے چینل اور مرکزی کردار سے اپنا کیریئر شروع کرتی لیکن میں نے سپورٹنگ کرداروں سے اپنا سفر کیا ہے اور آج بھی وہی کررہی ہوں۔‘
رابعہ کلثوم نے بتایا کہ کچھ اداکار ٹی وی شو پر متنازع بات کرکے اپنا آپ کو جان بوجھ کر سوشل میڈیا کی زینت بناتے ہیں، ’آج کل اداکار ٹی وی شو پر دوسرے اداکار کے بارے میں غلط بات کہہ کر خود ہی تنازعات شروع کرتے ہیں۔‘