نانا پاٹیکر نے مداح کو تھپڑ لگانے پر معافی مانگ لی

نانا پاٹیکر فائل فوٹو نانا پاٹیکر

بالی وڈ کے سینئر اداکار ناناپاٹیکر نے مداح کو تھپڑ لگانے پر معافی مانگ لی۔

اداکار کی مداح کو تھپڑ لگانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

حال ہی میں نانا پاٹیکر کی فلم ’journey‘ کی شوٹنگ کے دوران ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی جس میں انہیں سیلفی لینے کی غرض سے پاس آئے مداح لڑکے کو تھپڑ مارتے دیکھا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وائرل ویڈیو بھارت کے شہر وراناسی کی ایک گلی کی ہے جسے نانا پاٹیکر کی آنے والی فلم ’journey‘ کیلئے بطور سیٹ استعمال کیا گیا، ویڈیو میں نانا پاٹیکر کو گلی میں لوگوں کے مجمع میں کھڑا دیکھا جاسکتا ہے، اسی دوران ایک نوجوان نانا پاٹیکر کے قریب سیلفی کی غرض سے آکر کھڑا ہوجاتا ہے جس پر ناناپاٹیکر اس کے سر پر تھپڑ مارتے ہیں۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سینئر اداکار کو مداح کے ساتھ غیر مناسب رویے پر خاصی تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اب نانا پاٹیکر کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے مداح سے معافی مانگی۔

اس ویڈیو میں نانا پاٹیکر نے اس تھپڑ کو جان بوجھ کر کیے گئے عمل کے بجائے ایک غلط فہمی میں لگایا گیا تھپڑ قرار دیا اور بتایا کہ’ تھپڑ لگانا فلم کے اسکرپٹ کا حصہ تھا جس کی ریہرسل کی جارہی تھی جب وہ لڑکا ہمارے سامنے آیا تو ہمیں لگا یہ وہی لڑکا ہے جسے ہم نے ایکٹنگ کے دوران تھپڑ لگانا ہے لیکن جب ہمیں احساس ہوا کہ یہ وہ لڑکا نہیں تب تک وہ لڑکا بھاگ چکا تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے انہیں بلانے کی کوشش کی لیکن وہ بھاگ چکے تھے، آج تک میں نے کسی مداح کو تصویر کیلئے نہیں روکا جو بھی ہوا غلطی سے ہوا جس کی ہم ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتے ہیں‘۔

install suchtv android app on google app store