ماضی کی مقبول اداکارہ صاحبہ افضل کا کہنا ہے کہ انہوں نے شوہر ریمبو (جان افضل) کی وجہ سے انہوں نے ڈراموں میں کام کرنا چھوڑ دیا، انہوں نے ریمبو سے اس لیے شادی کی کیونکہ ان کی عمر نکلی جارہی تھی۔
حال ہی میں اداکارہ صاحبہ افضل نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے کچھ مزاحیہ تبصرے کیے اور کریئر سے متعلق گفتگو کی۔
پروگرام کے شروع میں صاحبہ نے کہا کہ ان کا غصہ بہت شدید ہے، وہ اکثر اپنا غصہ ریمبو پر نکال لیتی ہیں، ’میں اپنے آپ کو بھی یہی مشورہ دیتی ہوں کہ غصے پر کنٹرول رکھوں‘۔
ڈراموں یا فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ پر گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ریمبو وہ انسان ہیں جو مجھے اپنی زندگی میں ہمیشہ سے چاہیے تھے، ان کی سچائی، پیار اور خلوص کی وجہ سے میں شوبز کو بھول گئی۔‘
صاحبہ کا کہنا تھا کہ ’میں پہلی بار بتانا چاہتی ہوں کہ میرا پہلا پیار ریمبو نہیں بلکہ شوبز انڈسٹری تھی، آپ اپنا پہلا پیار نہیں بھول سکتے، مجھے اپنے کام سے بہت عشق رہا ہے۔‘
انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’جب عشق کے ساتھ محبت ہوئی تو میرا کام عدم توازن کا شکار ہوگیا، اس وقت شادی کرنی اس لیے ضروری تھی کیونکہ ریمبو صاحب کی عمر نکلی جارہی تھی۔‘
صاحبہ افضل نے اداکار اور کامیڈین جان افضل (جو جان ریمبو کے نام سے مشہور ہیں) سے 90 کی دہائی میں شادی کی تھی، دونوں کے دو نوجوان بیٹے بھی ہیں۔
حال ہی میں ریمبو اور صاحبہ نے ایک ساتھ شادی کے 25 سال مکمل ہونے کی سالگرہ منائی تھی۔