پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام نے شوہر موجی بسر کے بھارتی فلمساز یا نیپالی ہونے سے متعلق افواہوں کی تردید کردی۔
مئی کے پہلے ہفتے اداکارہ نے شوہر کے ہمراہ اپنی شادی کا اعلان کرتے ہوئے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں جس میں انہیں سرخ رنگ کے عروسی لباس جب کہ ان کے شوہر کو وائٹ سوٹ میں دیکھا گیا۔
اس کے بعد اداکارہ کے شوہر موجی بسر کے مذہب اور قومیت کے حوالے سے کئی قیاس آرائیاں کی جانے لگی تھیں۔
بعد ازاں ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ موجی بسر بالی وڈ کے ایک ٹیلنٹڈ پروڈیوسر اور فلم میکر ہیں، انہوں نے بطور لکھاری اور پروڈکشن منیجر بھی کام کیا اور انہیں گلوکاری پسند ہے۔
تاہم اب نجی چینل سے بات کرتے ہوئے مدیحہ امام نے شوہر کے نیپالی اور انڈین ہونے کی تردید کردی ہے۔
مدیحہ امام کا کہنا تھا کہ شوہر نہ ہی نیپالی ہیں اور نہ ہی بھارتی فلمساز۔
اداکارہ کے مطابق موجی بسر سے ان کی پیشہ ورانہ واقفیت تھی پھر وہ دوست بن گئے اور اب شوہر ہیں، انہیں نہیں پتا شوہر کے بھارتی فلمساز ہونے کی خبریں کہاں سے پھیلیں لیکن یہ سب جھوٹ ہے۔