آٹے کا بحران بن گیا حکومت کا دردِ سر، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنےکی منظوری دیدی

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ فائل فوٹو مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں آٹے کی قلت سے نمٹنے کے لئے 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنےکی منظوری دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ای سی سی اجلاس میں پنجاب اور پاسکو کو اپنے ذخائر سے گندم فوری ریلیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق پنجاب اور پاسکو کے گندم جاری کرنے سے آٹا کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی جبکہ درآمد شدہ گندم کی پاکستان آمد 31مارچ تک مکمل ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم لے کرآنے والے بحری جہازوں کیلئے کیماڑی بندرگاہ پر جگہ مختص کروانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ روایتی طور تمام امور کو طے کرنے میں 15سے 20 دن لگتے ہیں تاہم آٹے کے جاری بحران کو دیکھتے ہوئے یہ تمام امور 48 گھنٹوں میں مکمل کیے جائیں گے۔

ای سی سی اجلاس میں اس بات پر مشاورت ہوئی کہ یوکرائن سے گندم جلد پاکستان لائی جاسکتی ہے جبکہ آسٹریلیا اور امریکہ سے گندم آنے میں 50 دن سے زیادہ کا عرصہ درکار ہے۔

install suchtv android app on google app store