ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں مختلف شہروں میں 40 سے لے کر 590 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے فائل فوٹو آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں مختلف شہروں میں 40 سے لے کر 590 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے

ملک میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ سرکاری دستاویزات کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں مختلف شہروں میں 40 سے لے کر 590 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت ملک میں سب سے زیادہ ہو کر 2 ہزار 893 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔

ایک ہفتے کے دوران سرگودھا میں آٹے کی قیمت میں سب سے زیادہ 590 روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ ملتان میں 226 روپے 66 پیسے، خضدار میں 200 روپے، بہاولپور میں 163 روپے 33 پیسے اور کوئٹہ میں 140 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی عرصے کے دوران گوجرانوالہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 134 روپے بڑھی، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں 120 روپے تک اضافہ ہوا۔

کراچی، پشاور، سکھر اور لاڑکانہ میں آٹے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ سامنے آیا۔ حیدرآباد اور سیالکوٹ میں 80 روپے، بنوں میں 50 روپے اور لاہور میں 40 روپے تک قیمت بڑھی۔

چینی، گھی، کوکنگ آئل، آٹا اور ٹماٹر، پیاز مہنگے ہو گئے

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق تازہ قیمتوں کے تحت راولپنڈی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2 ہزار 866 روپے 47 پیسے، پشاور میں 2 ہزار 850 روپے، بنوں میں 2 ہزار 800 روپے، کوئٹہ میں 2 ہزار 660 روپے جبکہ کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 600 روپے تک جا پہنچا ہے۔

آٹے کی قیمتوں میں اس تیز اضافے نے مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ صارفین حکومتی سطح پر فوری اقدامات کے منتظر ہیں۔

install suchtv android app on google app store