یکم اگست سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت 3 روپے فی لیٹر تک کم ہونے کا امکان ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 50 پیسے فی لیٹر تک کمی ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے11 پیسے فی لٹر تک کمی متوقع ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا بتانا ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل سستا ہونے کی وجہ سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی سمری اوگرا حکومت کو بھجوائے گی، وزیر خزانہ وزیر اعظم کی ہدایات پر 31 جولائی کو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت نے دو مرتبہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا تھا۔