اسٹیٹ بینک کا شرح سود 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان

اسٹیٹ بینک فائل فوٹو اسٹیٹ بینک

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی زری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے پالیسی ریٹ (شرح سود) کو مسلسل چھٹی بار 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسٹیٹ بینک سے جاری بیان کے مطابق اپنے آج کے اجلاس میں اس فیصلے تک پہنچنے کے حوالے سے کمیٹی نے نوٹ کیا کہ گزشتہ توقعات کے مطابق مہنگائی مالی سال 2024 کی دوسری ششماہی میں واضح طور پر کم ہونا شروع ہوگئی ہے۔

تاہم کمیٹی نے نوٹ کیا کہ فروری میں تیزی سے کمی کے باوجود مہنگائی کی سطح بلند ہے اور اس کا منظرنامہ مہنگائی کی بلند توقعات کی بنا پر خطرات کی زد میں ہے۔ اس بنا پر محتاط طرز عمل درکار ہے اور ستمبر 2025 تک مہنگائی کو 5 سے7 فیصد کی حدود میں لانے کے لیے موجودہ زری پالیسی مؤقف قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال معاشی نمو 2 سے 3 فیصد رہے گی۔ معاشی نمو میں زرعی شعبے کی کارکردگی اہم ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مہنگائی توقعات کے مطابق کم ہونا شروع ہوئی ہے۔ ستمبر 2025 تک مہنگائی 5 سے 7 فیصد تک لانے کے لیے موجودہ پالیسی کا تسلسل ضروری ہے۔ فروری میں مہنگائی کی شرح 23.1 فیصد رہی۔

خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 26 جون 2023کو شرح سود 22 فیصد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے ملک میں شرح سود 22 فیصد پر برقرار ہے۔

install suchtv android app on google app store