وفاقی حکومت نے عاصم احمد کو دوبارہ چیئرمین ایف بی آر مقرر کر دیا

عاصم احمد فائل فوٹو عاصم احمد

وفاقی حکومت نے ان لینڈ ریونیو سروس (آئی آر ایس) کے افسر عاصم احمد کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا نیا چیئرمین مقرر کردیا، ان کو سابق چیئرمین اشفاق احمد کی جگہ تعینات کیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی منظوری سے ان لینڈ ریونیو سروس کے 21 گریڈ کے افسر عاصم احمد کو سول سرونٹ ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ان کی تعیناتی فوری طور پر نافذ العمل ہے اور اگلے احکامات تک وہ اس عہدے پر فائز رہیں گے۔

 

عاصم احمد اس سے قبل بھی اپریل سے اگست 2021 تک ایف بی آر کے سربراہ کے عہدے پر فائز رہے ہیں جبکہ ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا پر سائبر حملے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے انہیں تبدیل کر دیا تھا اور اشفاق احمد کو نیا سربراہ مقرر کردیا تھا، حلف اٹھانے کے فوری بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے ون آن ون ملاقات کی۔

نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ٹیکس گروپس کے سینئر افسران ایف بی آر کے سربراہ کے لیے دوڑ میں شامل تھے۔

حکومت ابتدائی طور پر تین آئی آر ایس افسران عاصم احمد، ندیم رضوی اور طارق پاشا کے ناموں پر غور کر رہی تھی جبکہ کسٹمز سے تعلق رکھنے والے ایک افسر طارق ہدا کا نام بھی سربراہ ایف بی آر کے لیے زیر غور تھا۔

تاہم، حتمی فیصلہ وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض پروگرام کی بحالی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کے بعد کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے زیر غور اقدامات میں ٹیکس کے اقدامات، خاص طور پر ذاتی انکم ٹیکس کی شرح پر نظرثانی اور اگلے بجٹ میں ٹیکس چھوٹ کو واپس لینا شامل ہے۔

آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ایف بی آر اس سال جنوری میں پہلے ہی 350 ارب روپے سے زائد کے ٹیکس عائد کرچکا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store