فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واجبات کی عدم ادائیگی پر قومی ائیرلائنز (پی آئی اے) کے اکاؤنٹس منجمدکر دیے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نےکارروائی ڈھائی ارب روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر کی، پی آئی اے پر فیڈرل ایکسائزڈیوٹی کی مد میں 18- 2017 کے واجبات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اکاؤنٹس منجمد ہونے سے پی آئی اے کا آپریشن متاثر ہونےکا خطرہ ہے۔
پی آئی اے ترجمان نے اکاؤنٹس منجمد ہونے کی تصدیق کرتے ہوئےکہا ہےکہ کابینہ کے فیصلے کے تحت پی آئی اے پر عائد واجبات منجمد ہیں، وفاقی کابینہ نے پی آئی اے پر عائد پی ایس او، سی اے اے اور ایف بی آر کے پرانے واجبات منجمدکردیے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ وفاقی کابینہ نے واجبات پی آئی اے بزنس پلان کی منظوری اور بیلنس شیٹ کی ری اسٹرکچرنگ تک منجمدکیے ہیں، امید ہےکہ ایف بی آر، پی آئی اےکے اکاؤنٹس جلد بحال کردےگا۔
ذرائع کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی پر ایف بی آر نے پہلے بھی پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد کیے تھے، تاہم سی ای او پی آئی اے کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ سے درخواست کے بعد اکاؤنٹس بحال ہوگئے تھے۔