ایران کے 2 مختلف شہروں میں دھماکوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 5 افرادجاں بحق جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے خلیجی ساحلی شہر بندر عباس میں ہفتے کو عمارت میں دھماکا ہوا، دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق دھماکا شہر کے معلم بلیوارڈ کے علاقے میں واقع 8 منزلہ عمارت میں ہوا، جس کے نتیجے میں عمارت کی 2منزلیں تباہ ہو گئیں، جبکہ کئی گاڑیاں اور قریبی دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔
ایرانی حکام کے مطابق بندرعباس کی رہائشی عمارت میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ ایران کے شہر اہواز کی 4 منزلہ رہائشی عمارت میں گیس دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے دبے 3 سالہ بچے اور ایک خاتون کو بچالیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا نے دھماکے میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر کو ہدف بنانے کی تردید کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایرانی شہروں کی عمارتوں میں دھماکوں میں اسرائیل ملوث نہیں۔