نیویارک کے نئے میئر ظہران ممدانی کی تاریخی کامیابی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا مؤقف تبدیل کرتے ہوئے ان کے ساتھ تعاون کا اعلان کردیا۔
الیکشن مہم کے دوران ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ممدانی کامیاب ہوئے تو انہیں وفاقی منصوبوں کے لیے فنڈز نہیں دیے جائیں گے، تاہم اب صدر نے کہا ہے کہ امریکا کے سب سے بڑے شہر کا میئر ایک کمیونسٹ بن گیا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ کیا فیصلے کرتے ہیں۔
میامی میں ایک خطاب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں نیویارک ترقی کرے اور اس مقصد کے لیے ممدانی کی تھوڑی بہت مدد کی جائے گی۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر نے نیویارک کے نومنتخب مسلم میئر پر الزام لگایا ہے کہ وہ حماس کے حامی ہیں۔
ایک انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ظہران ممدانی کو واشنگٹن کے ساتھ نئے تعلقات قائم کرنے ہوں گے، اگر وہ تعاون نہیں کریں گے تو انہیں نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ممدانی سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن اگر وہ کامیابی چاہتے ہیں تو انہیں وفاقی حکومت کا احترام کرنا ہوگا۔