بھارت نسلی و مذہبی اقلیتوں کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائے: امریکا

  • اپ ڈیٹ:
امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل فائل فوٹو امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل

امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت تمام نسلی و مذہبی اقلیتوں کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے بھارتی ریاست منی پور میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت تمام نسلی و مذہبی اقلیتوں کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے متاثرہ خواتین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے احترام و وقار کو برقرار رکھنے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

بریفنگ کے دوران ویدانت پٹیل نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو سے ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق میڈیا کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فونک گفتگو میں شراکت داری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انٹونی بلنکن اور بلاول بھٹو نے ٹیلی فونک گفتگو میں افغانستان میں استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بھی بات چیت کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں حکام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے پریس کی آزادی کے بارے میں اظہار کرتے رہتے ہیں، آزاد پریس اور باخبر شہری کسی بھی قوم کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی امریکی عہدیدار کا دورۂ افغانستان کا کوئی پلان نہیں، افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، خواتین اور لڑکیوں سے سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی شناخت کے لیے طالبان کو ان اقدامات کا اور پالیسیوں کا انتخاب کرنا ہوگا جس کا انہیں کہا تھا، امریکا غور سے دیکھ بھی رہا ہے اور ضرورت کے مطابق کارروائی بھی کرے گا۔

install suchtv android app on google app store