جون میں جنوری کے نظارے، بابو سر ٹاپ پر برفباری

کہیں گرمی کا قہر ، کہیں برفباری کا سحر طاری ہوگیا۔ فائل فوٹو کہیں گرمی کا قہر ، کہیں برفباری کا سحر طاری ہوگیا۔

کہیں گرمی کا قہر ، کہیں برفباری کا سحر طاری ہوگیا, بابو سر ٹاپ پر برفباری ہوئی جس کے باعث جون میں جنوری کے نظارے دیکھنے کو مل گئے۔

تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ پر برفباری ہوئی جس کے باعث جون میں جنوری کے نظارے دیکھنے کو مل گئے۔

بٹہ کنڈی، جل کھڈ، بیسر اور دیگر پہاڑوں پر بھی سفیدی چھا گئی، موسم مزید سرد ہو گیا، آئندہ 24 گھنٹے تک مزید برفباری کی پیشگوئی کر دی گئی۔

بالائی علاقوں میں بادلوں کی بھی انٹری ہوگئی، بالاکوٹ، ناران، کاغان میں جم کر بارش ہوئی، مری، گلیات، راولپنڈی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی گئی۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی چند مقامات پر بادل برسنے کا امکان پیدا ہوگیا۔

میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہی، سندھ اور بلوچستان شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے، دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

لاہورمیں ہوائیں چلنے کے باوجود گرمی کی لہر برقرار ، سورج کی تیز کرنوں کے باعث پارہ 38 ڈگری ہوگیا، صوبائی دارالحکومت میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔

بلوچستان میں بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جبکہ درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور گرمی سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات اپنائیں۔

install suchtv android app on google app store