فواد چوہدری کا ٹِک ٹاک پرپابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے وزیراعظم کو خط

فواد چوہدری کا  ٹِک ٹاک پر عائد پابندی ہٹانے کے لیے وزیراعظم کو خط لکھ فائل فوٹو فواد چوہدری کا ٹِک ٹاک پر عائد پابندی ہٹانے کے لیے وزیراعظم کو خط لکھ

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹِک ٹاک پر عائد پابندی ہٹانے کے لیے وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔

فواد چوہدری کاکہنا ہے کہ ٹک ٹاک پر پابندی سے بین الاقوامی کاروبار اور پاکستان کی ٹیکنالوجی بیٹھ جائے گی، پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔

فواد چوہدری کاکہنا ہےکہ اس وقت ہم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں، پولیس اہلکاروں کے لیے خصوصی اردو سافٹ ویئر تیارکررہے ہیں جس کے ذریعے ان کو ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال میں آسانی ہوگی۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہبازگِل نے کہا ہےکہ غیر اخلاقی ویڈیوز کی وجہ سے ٹک ٹاک ایپ بند کی گئی، وزیر اعظم سے کچھ والدین نے اس بارے میں شکایت کی تھی اور ویڈیوز بھی بھیجی تھیں۔

شہباز گل کاکہنا تھاکہ ضابطہ اخلاق بنانے سے متعلق ٹک ٹاک انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے، اگر ٹک ٹاک انتظامیہ نے اخلاقی ضوابط پر عمل کیا تو ایپ کو پاکستان میں دوبارہ بحال کردیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نےگذشتہ روز چینی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پی ٹی اے کے مطابق معاشرے کے مختلف طبقوں کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کی موجودگی کی شکایات کی گئی تھیں جس کے بعد ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

خیال رہےکہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھاکہ وزیراعظم عمران خان معاشرے میں بڑھتی عریانیت اور فحاشی پر شدید پریشان ہیں اور انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو اس کی روک تھام کے لیے ہدایت کی ہے کیونکہ ایسا نہ ہوا تو اس کے نتیجے میں پاکستانی معاشرے کی سماجی و مذہبی اقدار تباہ ہو جائیں گی۔

شبلی فراز کاکہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک یا دو نہیں بلکہ 15 یا 16مرتبہ اس معاملے پر مجھ سے بات کی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ مرکزی میڈیا اور سوشل میڈیا اور اس کی ایپلی کیشنز کے ذریعے پھیلنے والی فحاشی کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔

شبلی فراز نے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ عریانیت کی وجہ سے بچوں اور خواتین کے ریپ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھاکہ وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں انہیں بتایا کہ ٹک ٹاک جیسی ایپس معاشرے کی اقدار کو زبردست نقصان پہنچا رہی ہیں لہٰذا اسے بلاک کرنا چاہیے۔

subscribe YT Channel install suchtv android app on google app store