پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف شاندار فتوحات کے بعد آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
راولپنڈی میں جاری سہ ملکی سیریز میں کامیابیوں کے نتیجے میں پاکستان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 103 ہوگئی ہے جبکہ تیسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقا صرف ایک پوائنٹ کی برتری کے ساتھ 104 پوائنٹس پر موجود ہے۔
بھارت 115 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور نیوزی لینڈ 109 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ آسٹریلیا پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے۔
پاکستان کی رینکنگ میں بہتری کی بڑی وجہ انگلینڈ کے خلاف 87 رنز کی شاندار فتح بنی جس میں نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس نے نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے 58 گیندوں پر 59 رنز بنانے کے بعد صرف 40 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے ابتدا میں 81 رنز پر چار وکٹیں گنوانے کے باوجود حسن نواز کے 79، عرفات منہاس کی نصف سنچری اور فہیم اشرف کے جارحانہ 39 رنز کی بدولت 302 رنز بنائے۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان اب جنوبی افریقا کو پیچھے چھوڑنے سے صرف ایک پوائنٹ دور ہے۔
مسلسل فتوحات برقرار رہیں تو قومی ٹیم رینکنگ میں مزید ترقی حاصل کرسکتی ہے۔