پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی ون ڈے سیریز سے قبل سری لنکن ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، اوپننگ بلے باز پتھم نسانکا انجری کے باعث آئندہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔
سری لنکن اخبار ڈیلی مرر کے مطابق پتھم نسانکا انگلینڈ کے دورے کے دوران بائیں ٹانگ کی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کے باعث ان کی فٹنس متاثرہوئی۔
طبی معائنے کے بعد انہیں آئندہ سیریز میں شرکت کے لیے میڈیکل کلیئرنس نہیں مل سکی، جس کے نتیجے میں وہ پاکستان اورانگلینڈ کے خلاف میدان میں نہیں اترسکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ نے نسانکا کی عدم دستیابی کے بعد ان کے متبادل کا فیصلہ کرتے ہوئے لاہیرو ادارا کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔
لاہیرو ادارا اب پاکستان اورانگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں سری لنکن ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
پتھم نسانکا کی انجری سری لنکن ٹیم کے لیے اہم نقصان قرار دی جا رہی ہے، کیونکہ وہ بطوراوپننگ بلے باز اننگز کے آغاز میں ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کی عدم موجودگی میں سری لنکن ٹیم کو اپنی بیٹنگ ترتیب میں تبدیلی کرنا پڑ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سات میچوں پر مشتمل سہ ملکی ون ڈے سیریز 18 اکتوبر سے شروع ہوگی، جس میں میزبان پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی، سیریز کے میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
سری لنکن ٹیم اس سے قبل پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں بھی حصہ لے چکی ہے، جس میں میزبان ٹیم نے دو ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اب ون ڈے فارمیٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے سری لنکا کو اہم کھلاڑی کی عدم دستیابی کے باوجود متوازن کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔