سری لنکا کو بڑا دھچکا، متھیشا پتھیرانا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر

سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران بڑا دھچکا لگ گیا ہے، فاسٹ بولر Matheesha Pathirana انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

متھیشا پتھیرانا کینڈی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ میڈیکل رپورٹس کے مطابق اسکین میں ان کی پنڈلی میں اسٹرین کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے باعث مکمل فٹنس حاصل کرنے میں انہیں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کی بحالی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ورلڈکپ اسکواڈ سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ وہ مکمل صحت یاب ہو سکیں۔

ان کی جگہ 25 سالہ فاسٹ بولر Dilshan Madushanka کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ مدھوشنکا اس سے قبل بھی محدود اوورز کرکٹ میں سری لنکا کی نمائندگی کر چکے ہیں اور نئی گیند کے ساتھ مؤثر کارکردگی کے لیے جانے جاتے ہیں۔

ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ نئے شامل ہونے والے بولر باؤلنگ اٹیک کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، خاص طور پر ایسے مرحلے پر جب ایونٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا اپنا اگلا میچ زمبابوے کے خلاف کھیلے گا اور دونوں ٹیمیں پہلے ہی سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنا چکی ہیں۔

install suchtv android app on google app store